پاکستان اور ترکی کے مابین تاریخی دوستی ہر آزمائش پر ہمیشہ پوری اتری ہے‘تر کی نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے‘دونوں برادر اسلا می ممالک مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے اراکین پارلیمنٹ میں رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ‘دونوں ممالک اراکین پارلیمنٹ خطے کی خوشحالی اور تر قی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی تر ک سفیر صادق بابر گریجن کی ملا قات میں بات چیت

جمعرات 25 اگست 2016 16:39

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دارایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تاریخی دوستی پائی جاتی ہے جوہر آزمائش پر ہمیشہ پوری اتری ہے ۔انہوں نے کہاکہ تر کی نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات تر کی کے سفیر صادق بابر گریجن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرا ت کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملاقات کی ۔

سپیکر نے دونوں برادر اسلا می ممالک کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے پر زوردیا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اراکین پارلیمنٹ خطے کی خوشحالی اور تر قی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسر ے کے نقطہ نظر کو بہترطور پر سمجھنے اور ایک دوسر ے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع حاصل ہو نگے ۔

امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سر دار ایاز صادق نے کہاکہ مسلم ممالک کے اراکین پارلیمنٹ پر امت مسلمہ کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے انہوں نے مسلم ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے مابین قریبی تعاون اور روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا ۔تر کی کے سفیر Mr. Sadik Babur Girgin نے کہا کہ پاکستان اور تر کی سیاسی سطح پر یکساں نقطہ نظر کے حامل ہیں اور دونوں برادر ممالک نے ہمیشہ عالمی علاقائی فورم پر ایک دوسر ے کی حمایت کی ہے ۔

انہوں نے باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہو ں نے کہا کہ دونوں ممالک کی عوام مشترکہ ثقافت اوراقدار رکھتے ہیں ۔جنہیں دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کے لیے بروئے کار لایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے اپنی حکومت کی طر ف سے پاکستان میں اقتصادی تر قی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔