قدرتی آفات اور حادثات کے مواقع پر انجمن ہلال احمر کی خدمات لائق تحسین ہیں ‘کارکردگی میں مزید بہتری کیئے انجمن کی تمام تنظیموں کو ضابطہ کار میں لاکر ضروری تقاضے پورے کیے جائیں‘آفات ، حادثات اور اس سے ملتی جلتی صورت حال میں بہتر کارکردگی کے لیے متعلقہ شعبوں میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کے لیے انجمن ہلال احمر جامع منصوبہ بندی کرے تاکہ خدمات کے معیار میں بہتری آسکے

صدر مملکت ممنون حسین کا انجمن ہلال احمر کی تقریب سے خطاب

جمعرات 25 اگست 2016 16:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے قدرتی آفات اور حادثات کے مواقع پر انجمن ہلال احمر پاکستان کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے انجمن کی تمام تنظیموں کو ایک ضابطہ کار میں لایا جائے اور اس کے لیے تمام ضروری تقاضے پورے کیے جائیں۔صدر مملکت نے یہ بات انجمن ہلال احمر کی طرف سے پیش کی گئی ایک بریفنگ کے موقع پر کہی۔

اس موقع پر انجمن ہلال احمرپاکستان کی چیئرمین ڈاکٹر سعید الہٰی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے ہدایت کی کہ آفات ، حادثات اور اس سے ملتی جلتی صورت حال میں بہتر کارکردگی کے لیے متعلقہ شعبوں میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کے لیے انجمن ہلال احمر جامع منصوبہ بندی کرے تاکہ خدمات کے معیار میں بہتری آسکے اور پاکستان اس سلسلے میں پڑوسی ممالک کی مد د کرنے کے بھی قابل ہو سکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے ہدایت کی کہ انجمن ہلال احمر پاکستان اس سلسلے میں ابتدائی طور پر تعلیمی اداروں اور جامعات کا تعاون حاصل کرے اور مستقل یونیورسٹی کے قیام کے لیے ٹھوس لائحہ عمل تیار کرے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والی انجمن ہلال احمر کی صوبائی اور علاقائی شاخوں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے مشترکہ ضابطہ کار کی ضرورت ہیجس پر تیز رفتاری سے کام ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ صوبائی اور علاقائی تنظیموں کو ایک دائرہ کار میں لا کر انجمن کی کارگردگی میں مزید تیزی لائی جا سکتی ہے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والے دیگر اداروں اور انجمن ہلال احمر کے درمیان موثر روابط قائم ہونے چاہیں تاکہ امدادی سرگرمیاں زیادہ موثر ہو سکیں۔ انجمن ہلال احمر کے چیئرمیں ڈاکٹر سعید الہٰی نے اس موقع پر انجمن کی سرگرمیوں اور خدمات کے بارے میں صدر مملکت کو بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے انجمن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سرگرمیوں کے دائرے میں مزید وسعت لائیں اور پسماندہ علاقوں کے عوام کی زندگی میں آسانی لانے کے لیے قومی تحقیقی اداروں کے ساتھ مل کر موثر اقدامات کریں۔

متعلقہ عنوان :