پانامالیکس پر ٹی آر اوز تیار کرنے اورکمیشن بنانے کی ضرورت نہیں ، نیب کو تمام تحقیقاتی اختیارات حاصل ہیں، شاہد حامد

جمعرات 25 اگست 2016 14:57

لاہور۔25 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 اگست۔2016ء) سابق گورنر پنجاب، معروف قانون دان شاہد حامد نے کہا ہے کہ پانامالیکس پر ٹی آر اوز تیار کرنے اورکمیشن بنانے کی ضرورت نہیں ، آئین و قانون کے تحت نیب کو تمام تحقیقاتی اختیارات حاصل ہیں۔ خصو صی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان تمام جماعتوں کی مشترکہ منظوری سے تیار ہوا اب اس پر تمام سیاسی جماعتیں نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کے زیر اہتمام پلان پر عملدرآمد کیلئے وفاقی و صوبائی اداروں کی مشاورت سے تشکیل دی گئی کمیٹی کو سیاسی حمایت دیں، کمیٹی کے قیام سے صورتحال میں بہتری آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کو پاکستان مخالف بیانات سے گریز کرنا چاہیئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ تاریخ کا بد ترین سانحہ ہے، دہشت گرد ہمیشہ سافٹ ٹارگٹ پر حملہ کرتا ہے، ہر جگہ سکیورٹی دینا بھی حکومت کیلئے مشکل ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے واقعات نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا ہے، تمام حکومتوں کو اپنے اعلیٰ ترین مقامات اور شخصیات کو تحفظ فراہم کرنا چاہئے۔

انہوں نے خفیہ ایجنسیوں کے حوالے سے کہا کہ اگر یہ نہ ہوں تو دہشتگردوں کو فری ہینڈ مل جائے یہ ہماری ایجنسیاں ہی ہیں جنہوں نے دہشت گردی کی درجنوں کارروائیوں کی روک تھام کی اور عوام کو محفوظ بنایا ہے۔ کسی ایک واقعہ کے بعد اپنی ایجنسیوں پر نقطہ چینی کرنے کی بجائے انکے اہم کردار کو بھی یاد رکھنا چاہئے جس سے ملک محفوظ ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔

حکومت کے خلاف تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن میں دو سال رہ گئے ہیں جبکہ جن حلقوں میں دھاندلی کا معاملہ تھا ان پر فیصلے آچکے ہیں۔ اب دھرنے والوں کو اگلے الیکشن تک انتظار کرنا چاہئے۔ ایک سوال پر سابق گورنر نے کہا کہ امریکی الیکشن کا ہمارے اوپر کوئی فرق نہیں پڑتا خواہ ہیلری کلنٹن جیتے یا ٹرمپ ہو ، جو پالیسی انہوں نے ہمارے لئے بنائی ہے اسی پر وہ عمل کرینگے۔

متعلقہ عنوان :