حج انتظامات آخری مراحل میں داخل ‘پاکستان سے 87ہزار عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

فلائٹ آپریشن 4ستمبر تک جاری رہے گا ‘ترجمان وزارت مذہبی امور

جمعرات 25 اگست 2016 13:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) وزارتِ مذہبی امور کی طرف سے حج انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو گئے۔ پاکستان سے اب تک 87ہزار سرکاری و پرائیویٹ عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے۔ 4اگست سے شروع ہونے والا حج فلائٹ آپریشن 4ستمبر، 2016تک جاری رہے گا۔وزارت کے ترجمان اور جوائنٹ سیکرٹری (انتظامیہ ) نور زمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کی تجاویز کو مد نظر رکھتے ہوئے اس بار کھانے ، رہائشوں اور ٹرانسپورٹ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

عازمین حج کو پاکستانی معیار کے مطابق تازہ کھانا بلا تاخیر مہیا کیا جا رہا ہے اس مقصد کیلئے خصوصی ٹیمیں ڈاکٹر کے ہمراہ رہائش گاہوں اور کچن پر جا کر کھانے کے معیار کو یقینی بنارہی ہیں رواں سال بھی عازمینِ حج کو نئے ماڈل کی بسوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ‘انہوں نے بتایا کہ وزارتِ مذہبی امور کے اعلیٰ حکام سے لے کر ملازمین تک سبھی عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں کسی فرد یا ادارے کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ترجمان نے کہا کہ وزارت نے پاکستان اور سعودی عرب میں کسی بھی قسم کی مشکل یا پریشانی کی صورت میں مدد یا رہنمائی کیلئے ہیلپ لائنیں اور حج انکوائری سیل قائم کئے ہیں جو 24گھنٹے کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں،اس کے علاوہ وزارت کی ویب سائٹس اور فیس بک پیج پر بھی بیشتر معلومات اور رہنمائی مہیا کی گئی ہیں، عازمین حج یا ان کے عزیز و اقارب حکومت کی اس سہولت سے بھی فائدہ اٹھائیں۔