قائد ایم کیو ایم کے بیان کے حوالے سے وزارت داخلہ برطانوی حکومت سے رابطے میں ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ

وزارت داخلہ پاکستان ، وزارت داخلہ برطانیہ سے اس نوعیت کے معاملات پر رابطے میں رہتی ہے ۔ قائد ایم کیو ایم کے بیان پر کارروائی کی جائے گی ۔ بھارتی وزیر اعظم کے بیان کو بلوچستان کی عوام نے مظاہروں کی شکل میں جواب دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کی میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 اگست 2016 13:53

قائد ایم کیو ایم کے بیان کے حوالے سے وزارت داخلہ برطانوی حکومت سے رابطے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25اگست 2016ء) : ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد کے بیان کا معاملہ وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ قائد ایم کیو ایم کے بیان کا جائزہ لے رہی ہے ، قائد ایم کیو ایم کے بیان کے مطابق کارروائی ہو گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے کئی بار برطانوی حکومت سے قائد ایم کیو ایم کا معاملہ اٹھایا ۔

وزارت داخلہ پاکستان برطانوی وزارت داخلہ سے ایسے بہت سے معاملات پر رابطے ہیں۔ میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اقوام متحدہ میں کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق قرارداد گشتہ چھ دہائیوں سے حل کا انتظار کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فو ج کے ہاتھوں اب تک اسی سے زائدکشمیری شہید جبکہ سات ہزار سے زائد کشمیری شہری زخمی ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اہم فورمز پر بات کر رہے ہیں۔سیکرٹری خارجہ پاکستان طارق فاطمی نے اس ضمن میں سیکرٹری جنرل او اآئی سی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اعتماد میں لیا ۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں چھروں والی بندوقوں سے آنکھوں پر زخم کھانے والے شہریوں کی تعداد پانچ سو سے زائد ہو گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کے بیان پر بلوچستان بھر میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم کے بیان کو بلوچستان کی عوام نے مظاہروں کی شکل میں جواب دیا۔ بھارتی وزیر اعظم کا بیان مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے سلسلے کی ہی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے سے متعلق کسی بیان سے آگاہ نہیں ہیں ۔

گذشتہ ماہ جان کیری نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ تاہم ابھی تک جان کیری کے دورہ پاکستان کی تاریخ موصول نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک ممالک کی انیسیوں کانفرنس کی میزبانی نومبر میں کر رہا ہے، کانفرنس سے متعلق اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ہم سارک وزرائے خزانہ کانفرنس سے متعلق پُر امید ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ پیٹر لوائے کا دورہ پاکستان معمول کے دورے کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل بذریعہ مذاکرات ہی ممکن ہے۔