ایم کیو ایم تنقیدی رائے کا احترا م کرے ‘ حکومت سخت رد عمل ظاہر نہ کرے ‘امریکہ

جمہوری معاشرے میں تنقیدی رائے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے ‘ نائب ترجمان محکمہ خارجہ

جمعرات 25 اگست 2016 13:52

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) امریکا نے کراچی میں جاری سیاسی کشمکش پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پر زور دیا ہے کہ وہ تنقیدی رائے کا احترام کرے ‘حکومت سخت ردعمل ظاہر نہ کرے۔امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے نیوز بریفنگ کے دوران کراچی کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ ہم اب تک اس حوالے سے معلومات اکٹھی کرکے جائزہ لے رہے ہیں کہ کیا ہوا اوراس وقت تک ہم مزید کچھ نہیں کہیں گے۔

امریکی عہدیدار نے کراچی میں میڈیا ہاوٴسز پر مشتعل ہجوم کے حملے کی مذمت میں کسی قسم کے تذبذب سے کام نہیں لیا اور اسے توڑ پھوڑ کا عمل قرار دیا۔مارک ٹونر نے کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے حملے کے بعد ایم کیو ایم کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا ‘ پارٹی کے ہیڈکوارٹر نائن زیرو کو بھی سیل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا ہاوٴسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جمہوری معاشرے میں تنقیدی رائے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے نہ کہ اسے خاموش کروا دیا جائے۔

جب ان سے ایم کیو ایم کے عہدیداران کی گرفتاری کے حوالے سے تبصرہ مانگا گیا تو مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ جب بھی کسی سیاسی جماعت کے اراکین کو حراست میں لیا جاتا ہے تو امریکا اس پر تحفظات کا اظہار کرتا ہے تاہم سیاسی اختلافات کے اظہار کی آزادی کی حمایت کرتے ہوئے مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مظاہرے پرامن ہونے چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :