سعودی وزارتِ حج کی طرف سے رمی جمرات کے اوقات میں کمی کا اعلان

جمعرات 25 اگست 2016 13:29

سعودی وزارتِ حج کی طرف سے رمی جمرات کے اوقات میں کمی کا اعلان

دبئی: (اْردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 اگست 2016ء ) :سعودی وزارت حج نے اس سال حج کے مناسک میں شامل اہم رکن رمی جمرات پر کنکریاں مارنے کے اوقا ت کا دورانیہ کم کرکے 12 گھنٹے کر دیا ہے۔ رمی جمرات شیطان کو کنکریاں مارنے کے کے عمل کو کہتے ہیں۔ اس سال شیطان کو کنکریاں مارنے کا عمل حسب معمول منیٰ میں 11 ستمبر کو شروع ہو کر تین ن تک جاری رہے گا۔ منٰی کا مقام مکہ کی مسجد الحرام سے تقریباً پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

(جاری ہے)

وزارتِ حج و عمرہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے دن صبح 6بجے سے لے کر ساڑھے10 بجے تک کنکریاں مارنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دوسرے دن دوپہر2 بجے سے شام 6 بجے تک جبکہ تیسرے اور آخری دن صبح 10:30 بجے سے لے کر 2بجے تک کنکریاں مارنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزراتِ حج کے نائب سیکریٹری حسین الشریف کا کہنا ہے کہ ’اس عمل سے حاجیوں کو کنکریاں مارنے میں آسانی ہوگی اور رش کم ہونے کی وجہ سے بھگدڑ کا خطرہ نہیں رہے گا۔‘ پچھلے سال رمی کے دوران بھگدڑ مچنے سے سینکڑوں حجاج شہید ہو گئے تھے.