کراچی‘ لکی اسٹار پر فائرنگ سے سیکیورٹی ادارے کا اہلکارشہید‘2راہگیر زخمی

جمعرات 25 اگست 2016 12:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) کراچی کے علاقے لکی اسٹار کے قریب فائرنگ سے زخمی ہونے والا سیکیورٹی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملا۔تفصیلات کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب لکی اسٹارپرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے سادہ لباس میں ملبوس فوجی اہلکار سمیت دو راہگیر شدید زخمی ہو گئے تھے،تینوں زخمیوں کو فوری طور پرجناح اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق سادہ لباس میں ملبوس فوجی اہلکار اپنے فرائض کی انجام دہی میں مشغول تھا کہ نامعلوم افراد کی گولیوں کا نشانہ بن گیا جنہیں پہلے جناح اسپتال اور پھر پی این ایس شفاء منتقل کیا تھا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی تھی کہ علی الصبح وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فوجی اہلکار پر فائرنگ کرنے والے مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جب کہ ملزم کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔اس علاقے میں فوجہ اہلکاروں پر فائرنگ کا یہ نیا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل 26 جولائی کو اسی علاقے میں نامعلوم دہشت گردوں کی حساس اداروں کی گاڑی پر فائرنگ سے دو فوجی جوان شہید ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :