میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کے انتخابات میں واضع اکثریت سے ایم کیو ایم کے طیب حسین میئر اور سہیل مشہدی ڈپٹی میئر منتخب ہو گئے

بدھ 24 اگست 2016 23:08

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کے انتخابات میں واضع اکثریت سے ایم کیو ایم کے طیب حسین میئر اور سہیل مشہدی ڈپٹی میئر منتخب ہو گئے، جناح ہال الطاف حسین کے نعروں سے گونجتا رہا جبکہ ووٹر الطاف حسین کی تصاویر بھی اٹھائے ہوئے تھے، نومنتخب میئر طیب حسین نے شہرکے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت وسائل پیدا کرنے کا اعلان کیا۔

بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات بدھ کو جناح ہال میں منعقد ہوئے جس میں ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا، بلدیہ اعلیٰ، حیدرآباد سٹی اور لطیف آباد پر مشتمل ہے جس کے 143ارکان یں، بدھ کو ایک گھنٹہ 10 منٹ کی تاخیر سے پولنگ کا عمل شروع ہوا، وقفے وقفے سے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کے درمیان نعرے بازی کا مقابلہ بھی جاری رہا۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی طیب حسین اور سابق صوبائی وزیر سہیل مشہدی 111ووٹ لیکر باالترتیب میئر اور ڈپٹی میئر منتخب ہو گئے، میئر کے لئے پیپلز پارٹی کے میئر کے امیدوار اﷲ بخش عرف پاشا قاضی اور ڈپٹی میئر کے امیدوار حسن علی جتوئی 27ووٹ لے سکے۔بلدیہ اعلیٰ کے سنیئر ڈائریکٹر لینڈ قمر شیخ نے ریٹرننگ آفیسر کے فرائض انجام دیئے پولنگ پرامن ماحول میں ہوئی تاہم بیلٹ پیپرزتاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے پولنگ ایک گھنٹہ 10 منٹ تاخیر سے شروع ہو سکی، پولنگ مکمل ہونے پر ایم کیو ایم کے ارکان الطاف حسین کی تصاویر اٹھائے زبردست نعرے بازی کرتے رہے جبکہ کامیابی کا جشن منانے کے لئے ڈھول شہنائیوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، کارکنان کی بڑی تعداد جناح ہال میں کافی دیر تک نعرے بازی اور بھنگڑے ڈالتی رہی۔

ایم کیو ایم کے 5ارکان نے ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا،ان میں سے 2ارکان رئیس آرائیں اور امجد پاک سر زمین پارٹی میں شامل ہو گئے تھے جبکہ ایک رکن فاروق قریشی کا انتقال ہو گیا ہے، مزدوروں کی نشست پر کامیاب ہو نے والے عباس اور شمشاد حج پر گئے ہوئے ہیں، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جب ایم کیو ایم کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے جناح ہال میں داخل ہو کر ایم کیو ایم کے قائد کی تصاویر کے ساتھ نعرے بازی کی تو کافی تعداد میں رینجرز بھی پہنچ گئی۔

حیدرآباد میونسپل کارپویشن کے نومنتخب میئر طیب حسین نے نتائج کے اعلان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی کے لیے اپنے وسائل پیدا کریں گے ،بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسری ہیں انہیں کامیابی سے چلا تو ملک اور صوبہ میں جمہوریت مضبوط ہو گی، انہوں نے کہاکہ ہم اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں مجھے حیدرآباد کے عوام کی خدمت کا موقع ملا ہے ہم یہاں صحت و صفائی کا نظام بہتر بنائیں گے مسائل بہت زیادہ ہیں لیکن ہم کسی پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے وسائل خود پیدا کریں گے اورحیدرآباد کو ایک صاف ستھرا شہر بنائیں گے۔