میں ایم کیو ایم کا نہیں کراچی کا مئیر ہوں میری کامیابی کراچی کی کامیابی ہے،نو منتخب مئیر کراچی وسیم اختر

بدھ 24 اگست 2016 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 اگست ۔2016ء) نو منتخب مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ میں ایم کیو ایم کا نہیں کراچی کا مئیر ہوں میری کامیابی کراچی کی کامیابی ہے، پی ٹی آئی سمیت جماعت اسلامی،مسلم لیگ (ن) اور عوامی نیشنل پارٹی کو ساتھ لیکر چلوں گا اور ان کے دفاترجاؤں گا،آج کی کامیابی پر وزیراعلیٰ سندھ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں،آج جو انتخاب ہوا ہے ایسا انتخاب ماضی میں کبھی نہیں ہوا،وہ بدھ کو بلدیہ عظمی کراچی میں نتائج کے غیر سرکاری اور غیر حتمی اعلان کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ،اس موقع پر منتخب ڈپٹی مئیر ارشد وہرا ودیگر بھی موجود تھے،وسیم اختر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ آئین کے تحت کسٹوڈین ہیں میں درخواست کروں گا ایسے فیصلے کریں جس سے شہر میں ترقی ہو ،شہر کراچی سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے جس سے ملک چلتا ہے،وزیراعلیٰ سے بہت امیدیں وابستہ ہیں ان کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ میں ڈی جی رینجرز سے بھی درخواست کروں گا کہ تعاون کریں ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ججانوں کا نزرانہ دیا ہے اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے،انہوں نے کہا کہ ہمیں اگر آپس میں لڑایا جاتا رہا تو شہر ترقی نہیں کرے گا،انہوں نے کہا کہ میں آئی جی سندھ سے بھی درخواست کروں گا کہ ہماری رہنمائی کی جائے اور جو لوگ حالات خراب کررہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور جو لوگ حالات خراب کررہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے،شہر میں امن قائم ہو اب بہت خون خرابہ ہوچکا ہے،یہ بند ہونا چاہئیے ،انہوں نے کہا کہ ہم کسی سے تعصب نہیں کرتے ہمارے ساتھ بھی تعصب نہ کیا جائے،ایک سوال پر وسیم اختر نے کہا کہ جو مقدمات بنائے گئے ہیں وہ تمام سیاسی اور جھوٹے ہیں،انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری اور چئیرمین بلاول بھٹو زرداری یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ سندھ میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہے،تو انہیں میرے خلاف مقدمات کو دیکھنا ہوگا،ورنہ دعویٰ درست نہیں ہوگا،انہوں نے کہاکہ اگر میں جھوٹے مقدمات کو عدالت میں لے جاؤ تو بری ہوسکتا ہوں،وسیم اختر نے کہا کہ 12 مئی کے واقعے کو 9 سال گزرچکے ہیں4 سال تک افتخار محمد چودھری چیف جسٹس بھی رہے تو انہوں نے اس مسئلے کو کیوں نہیں حل کیا،انہوں نے کہا کہ اگر مرد کے بچے ہو تو پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ بنا کر دکھاو ،وسیم اختر نے کہا کہ مجھے ایک ماہ سے پابند سلاسل رکھا ہوا ہے،،اس کے باوجود عوام نے مجھے ووٹ دیا ہے،وسیم اختر نے کہا کہ مجھے قید میں رکھ کر توانائی ضائع کی جارہی ہے،جبکہ میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے،تاہم عدالت میں مقدمات کا سامنا کروں گا،اگر عدالت نے مجھے رہا نہیں کیا تو وزیراعلیٰ سے درخواست کروں گا مجھے جیل میں دفتر بناکر دیا جائے،تاکہ میں وہاں بیٹھ کر عوام کے مسائل حل کروں ،انہوں نے کہا کہ میرے علم میں ہے کہ میرے اختیارات کیا ہیں،اس بارے میں وزیراعلیٰ سے درخواست کروں گا کہ مجھے ضرورت سے زیادہ فنڈز فراہم کئیے جائیں ،تاکہ شہر میں ترقیاتی کام ہوں۔

متعلقہ عنوان :