وزیراعظم میاں نوازشریف کا کراچی میں امن کی فضا قائم کرنے کا الٹی میٹم کافی حد تک پوراہوچکا ہے، تحسین فواد

الطاف حسین اپنے ہوش کھو بیٹھے ہیں،میڈیا ہاؤس پر حملے سے حق اور سچ کی آواز کو دبایانہیں جاسکتا،رکن پنجاب اسمبلی

بدھ 24 اگست 2016 22:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 اگست ۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کی رکن پنجاب اسمبلی تحسین فواد نے کہاہے کہ ایم کیو ایم کے لوگوں کا کراچی میں میڈیا ہاؤسز پرحملہ قابل مذمت اورشرمناک بات ہے،حق اور سچ کی آواز کو دبایانہیں جاسکتا،ایم کیو ایم کا گھناؤناچہرہ بھی کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ایم کیو ایم کے لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں جس طرح پہلے وہ کراچی میں غنڈاگردی کرتے تھے لیکن اب ان کی دال نہیں گلنے والی ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں بیگم تحسین فواد نے مزید کہاکہ سابق دور حکومت میں کراچی میں دہشت اور بھتہ خوری کو اس فروغ دے رکھاتھاکہ کراچی کے لوگوں کا جینادوبھر ہوگیا تھا اور جب سے کراچی میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد اور وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف نے رینجرز کو تعینات کیا اس وقت سے کراچی میں امن کی فضا کو فروغ ملا ہے۔رکن پنجاب اسمبلی بیگم تحسین فواد نے کہاکہ کراچی کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہوئے پاکستان مخالف رہنماؤں کو ہمیشہ کیلئے مستردکردیں گے،کراچی آپریشن کے بہتر نتائج آ رہے ہیں اس آپریشن کومنطقی انجام تک پہنچایاجائے گا،پاکستان ہماری پہنچان ہے اور یہ ملک ہم نے بہت ساری قربانیاں دے کر حاصل کیا ہے اس ملک کی حفاظت ہم سب کے ذمہ ہے۔