لالہ موسیٰ،160ملین روپے لاگت کے اہم منصوبہ سول ہسپتال لالہ موسیٰ کی بلڈنگ کی تعمیر مکمل کرلی گئی

بدھ 24 اگست 2016 22:08

لالہ موسیٰ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء)160ملین روپے لاگت کے اہم منصوبہ سول ہسپتال لالہ موسیٰ کی بلڈنگ کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے، 60بستر پر مشتمل ہسپتال میں 30ستمبر سے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ایم این اے چوہدری جعفر اقبال کے ہمراہ ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کیا، انہوں نے میٹرنٹی سنٹر کا بھی دورہ کیاای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر الطاف حسین، ڈی او بلڈنگز محمد شریف بھی موجود تھے۔

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ نے ہسپتال کی عمارت کی تعمیر مکمل کر لی ہے اور حکومت پنجاب نے یہاں فعال ڈاکٹر کا بطور ایم ایس تقرر بھی کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سول ہسپتال میں لالہ موسیٰ میڈیکل ، سرجری سمیت دیگر اہم شعبہ جات کے شپشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی کے ساتھ حادثات کے شدید زخمیوں کے علاج کیلئے چار بستروں پر مشتمل آئی سی یو بھی قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے ای ڈی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ ادارے میں ڈاکٹرز و عملہ سمیت 67پوسٹوں پر بھرتیوں اور طبی آلات کی خریداری کا عمل بلاتاخیر مکمل کیا جائے، ہسپتال میں آؤٹ ڈوراورایمرجنسی کے ساتھ تمام وارڈز بھی مکمل آپریشنل ہونے چاہیں۔میٹرنٹی سنٹر کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ خواتین کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ایم این اے چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ سول ہسپتال اور میٹرنٹی سنٹر لالہ موسیٰ کے عوام کے لئے حکومت پنجاب کا تحفہ ہیں ، دونوں ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی سے شہریوں کو صحت عامہ کی معیاری سہولیات میسر ہوں گی۔