سوات موٹر وے کا منصوبہ قلیل مدت میں مکمل کیا جائیگا،محب اﷲ خان

بدھ 24 اگست 2016 22:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک محب اﷲ خان نے کہا ہے کہ سوات موٹر وے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جسے موجودہ صوبائی حکومت نے پوراکیا ہے۔یہ بات انہوں نے وزیر اعلیٰ کے مشیروں مشتاق احمد غنی اور اکبر ایوب خان کے ہمراہ پشاور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ سوات موٹر وے کے منصوبے کا فیز ون18ماہ میں مکمل کیا جائے گا اور فیز11پر بھی جلد ہی کام شروع کیا جائے گا جس کی تکمیل سے تین گھنٹوں کاسفر50منٹ میں طے ہو سکے گا اور عوام کو آمدو رفت کے سلسلے میں سہولتیں میسر آئیں گی۔محب اﷲ خان نے کہا کہ کسی صوبائی حکومت نے ابھی تک صوبے میں مواصلات کا اتنا بڑا منصوبہ نہیں لایا ہے حالانکہ ہم سے پہلے ہر حکومت اور سیاسی پارٹی نے عوام کی تقدیر بدلنے کے بلند و بانگ دعوے کئے مگر حقیقت میں عوام کو کچھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت ہے جس نے عوام کی زندگی کو سنوارنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس طرح کے بڑے بڑے تعمیراتی منصوبے عوام کے لئے لار ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عظیم مواصلاتی منصوبے سے پورے مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کو بہتر سفری سہولیات ملیں گی۔

متعلقہ عنوان :