(ن)لیگ نے ناکامیوں کے ریکارڈز قائم کر دیئے ، عوام کو مہنگا ئی، بیروز گاری اور غربت کے تحفے دئیے ہیں ‘ ولید اقبال

حکمران اپنی ذاتی اور غیر ضروری ترجیحات کو ختم کریں ،نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کریں ‘وفود سے گفتگو

بدھ 24 اگست 2016 21:02

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے رکن ولید اقبال نے کہا ہے کہ (ن)لیگ نے ناکامیوں کے ریکارڈز قائم کر دیئے ہیں اور عوام کو مہنگا ئی، بیروز گاری اور غربت کے تحفے دئیے ہیں ، جرائم میں خطر نا ک حد اضافہ ہوچکا ہے چور، ڈاکو سر عام دندناتے پھر رہے ہیں اور عوام کو ان کے رحم وکرم پرچھوڑ دیا گیا ہے حکمرانوں کو عوام کی بجائے اپنی سیکیورٹی کی فکر لگی ہوئی ہے ۔

گزشتہ روز کارکنوں کے مختلف وفو دسے گفتگو کرتے ہوئے ولید اقبال نے کہاکہ جہلم میں الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینا قابل مذمت ہے، الیکشن کمیشن حکومتی پارٹی کے حمز ہ شہباز شریف کو الیکشن کمپین اور جلسے کرنے پر کیوں نوٹس نہیں لیتا ؟تحر یک انصاف کے امیدوار فواد چوہدری کے خلاف حکومتی مشینری پورا زورلگا رہی ہے مگر اس کے باوجود وہ جہلم کے ضمنی الیکشن میں بھر پور کامیابی حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میڈیا ہاؤسز سمیت عوام کے جان و مال کا تحفظ حکمرانوں کا فرض ہے پاک افواج، رینجرز، پولیس اور عوام نے دہشتگردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں حکمران اپنی ذاتی اور غیر ضروری ترجیحات کو ختم کریں اور نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کریں اور اسے اولین ترجیح دیں تاکہ ملک میں جاری دہشتگردی کی جنگ کا جلد خاتمہ ہوسکے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں اور سازشیوں کا سامنا ہے حکمرانوں کو داخلہ اور خارجہ پالیسی کو موثر اور مضبوط بنانے کے لیے بہتر حکمت عملی اپنا نا ہوگی ،عوام کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ہاتھوں کو مزید مضبوط بنانا ہوگااور وہ وقت قریب ہے جب وطن عزیز سے دہشتگردوں کا خاتمہ ہوگا اور ملک امن کا گہوارہ بنے گا۔