محکمانہ ترقی کے باعث ریلوے کے سکولوں کی حالت بھی بہت بہتر ہوگئی ہے‘ محمد جاوید انور

شبانہ روز کاوشوں کی بدولت اَب پھر اُس مقام پر پہنچ چکے ہیں جس پر ہمیں اچھے نتائج ملنا شروع ہوگئے ہیں

بدھ 24 اگست 2016 20:46

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء ) کچھ عرصہ قبل پاکستان ریلویز کے سکولوں کا شمار بہتر نتائج لانے کی وجہ سے لاہور کے بڑے سکولوں میں ہوتا تھااور والدین اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دِلانے کی غرض سے ریلوے کے سکولوں کو ترجیح دیتے تھے لیکن گزشتہ چند برسوں میں یہ اہمیت ریلوے سکول کھو چکے تھے، عمارتیں بوسیدہ ہوچکی تھیں اور بہتری کا عمل رُک چکا تھا۔

لیکن شبانہ روز کاوشوں کی بدولت اَب پھر ہم اُس مقام پر پہنچ چکے ہیں جس پر ہمیں اچھے نتائج ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ محکمانہ ترقی کے باعث ریلوے کے سکولوں کی حالت بھی بہت بہتر ہوگئی ہے۔ اِن خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور نے پاکستان ریلویز مغلپورہ ہائی سکول لاہورمیں دسویں جماعت کے امتحان میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباوطالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ بچوں میں سیکھنے کی صلاحیت اﷲ تعالیٰ کی طرف سے ودیعت ہوتی ہے ۔اِن وسائل کے باوجود اچھے نمبرز حاصل کرنابہت خوش آئند بات ہے اور یہ بچے مستقبل میں بہت ترقی کریں گے ۔چیف ایگزیکٹو آفسیر محمد جاوید انور کا کہنا تھا کہ میں آج جس مقام پر ہوں وہاں تک پہنچنے میں، میری محنت کے ساتھ ساتھ میرے اساتذہ اور والدین کی خصوصی توجہ اور دعاؤں کا عمل دخل ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ اورطالب علم کا رشتہ ماں باپ کے رشتے سے بھی زیادہ ہوتا ہے۔اساتذہ جو شمعیں جلاتے ہیں اس کی لَوہمیشہ آگے بڑھتی رہتی ہے۔ وطنِ عزیز کوترقی کی شاہراہ پر انہی بچوں نے گامزن کرنا ہے اور دُنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کرنا ہے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر ایجوکیشن فرحان عبادت یارخان نے سپاسنامہ پیش کیا۔آخر میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور نے پی آربوائز ہائی سکول مغلپورہ میں 100%نتائج حاصل کرنے پر ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن فرحان عبادت یار خان اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور اُن کی خدمات کو سراہا۔

تقسیم انعامات کی تقریب میں جنرل منیجر ویلفیئر فیاض احمد اعوان کے علاوہ ریلوے کے سینئر افسران، اساتذہ اور طلباوطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :