ڈی سی او عمارہ خان کے زیر صدارت عیدالاضحی کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

اسسٹنٹ کمشنر زکو مویشی منڈیوں کے قیام اور وہاں سہولیات کی فراہمی کو حتمی شکل دینے کی ہدایت ‘اس سال مویشی منڈیوں کے علاوہ گلی محلوں یا دیگر مقامات پر مویشوں کی خریدوفروخت کی ہرگز اجازت نہ دی جائیگی ‘عمارہ خان

بدھ 24 اگست 2016 20:46

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء)ڈی سی او قصور عمارہ خان کے زیر صدارت عیدالاضحی کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی او آفس میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد ‘ڈی او سی عبدالسلام عارف ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور آمنہ رفیق ‘اے سی چونیاں عائشہ غضنفر ‘اے سی کوٹ رادھاکشن سرمد تیمور ‘ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر خالد بشیر ‘ٹی ایم او قصور رائے محمد منشاء ‘ٹی ایم او چونیاں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ضلع بھر میں عیدالاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں کے قیام ‘وہاں بیوپاریوں اور عوام الناس کو دی جانیوالی سہولیات کا تفصیلاًجائزہ لیا گیا ۔ ڈی سی او عمارہ خان نے تمام اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ مویشی منڈیوں کیلئے اپنی اپنی تحصیلوں میں جگہ کا انتخاب کر کے جلد از جلد رپورٹ دیں تا کہ مویشی منڈیوں کیلئے مخصوص جگہوں کا باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ اس سال مویشی منڈیوں کے علاوہ گلی محلوں یا دیگر مقامات پر مویشوں کی خریدوفروخت کی ہرگز اجازت نہ دی جائیگی ۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو حکم دیا کہ وہ مویشی منڈیوں میں صفائی ستھرائی ، سیکورٹی ،لاؤڈ سپیکر ، جانوروں کیلئے چارے اور پانی کی فراہمی ، متعلقہ محکموں کے کیمپس کے قیام کے بارے میں انتظامات کو حتمی شکل دیں ۔

انہوں نے تمام ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور اس سلسلے میں اپنی تمام ضروری مشینری کی مرمت و خریدوفروخت کو جلد مکمل کریں ۔ڈی سی او عمارہ خان نے ڈی او لائیو سٹاک کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے خصوصی کیمپ لگائیں اور باالخصوص عیدالاضحی کے موقع پر ضلع میں داخل اور خارج ہونیوالے تمام جانوروں پر کانگو وائرس اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کیلئے سپرے کریں ۔

اسی طرح تمام مویشی منڈیوں میں بھی کیمپ لگائے جائیں جہاں پر لائیو سٹاک کا عملہ چوبیس گھنٹے موجود رہے گا۔ ڈی سی او نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عیدالاضحی ایک مذہبی تہوار ہے اس لئے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائیگی ۔