سپریم کورٹ نے نیب میں غیر قانونی بھرتیوں پر ازخود نوٹس کیس میں فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے

جواب جمع کرانے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دے دی گئی

بدھ 24 اگست 2016 19:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) سپریم کورٹ نے نیب میں غیر قانونی بھرتیوں پر ازخود نوٹس کیس میں فریقین کو نوٹسز جاری کر تے ہوئے جواب جمع کرانے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دے دی گئی ۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نیب میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ جواب ابھی تک کیوں جمع نہیں کروایا گیا ۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر نیب نے جواب جمع کروانے کے لیے دو ہفتوں کا وقت دینے کی استدعا کی ۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ اگر بھرتیاں قانون کے مطابق ہیں تو آپ جواب جمع کروائیں، اگر بھرتیاں قانون کے مطابق ہوں گی تو عدالت مداخلت کیوں کرے گی ۔ خلاف قانون تعیناتیوں پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ عدالت نے نیب کو جواب جمع کرانے کیلئے دو ہفتوں کا وقت دیتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ۔ مقدمے کی سماعت ستمبر کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی ۔