ڈپٹی کمشنر اسلام آباد مشتاق احمد نے جبری مشقت کے خاتمہ کیلئے اسسٹنٹ کمشنر صدر کی سربراہی میں نگران کمیٹی قائم کر دی

جبری مشقت لینے والے بھٹہ مالکان اور دیگر کیخلاف کارروائی کی جائے گی ٗاجلا س میں فیصلے

بدھ 24 اگست 2016 18:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد مشتاق احمد نے جبری مشقت کے خاتمہ کیلئے اسسٹنٹ کمشنر صدر کی سربراہی میں نگران کمیٹی قائم کر دی، جبری مشقت لینے والے بھٹہ مالکان اور دیگر کیخلاف کارروائی کی جائے گی، ضلعی انتظامیہ کمسن مزدوروں کو وظائف اور مفت تعلیم فراہم کرے گی۔ یہ فیصلے بدھ کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد کی زیر صدارت اجلاس میں کئے گئے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر لیبر محمد علی، ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد پولیس ساجد کیانی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو ڈائریکٹر لیبر کی طرف سے لیبر قوانین اور جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کیخلاف قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور موجودہ قوانین کو مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کیلئے ایک جامع سروے کرانے کی بھی ہدایت کی اور اسسٹنٹ کمشنر صدر کی نگرانی میں ایک نگران کمیٹی بھی قائم کر دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کم عمر مزدوروں کووظائف اور مفت تعلیم فراہم کی جائے گی تاکہ کسی مجبوری کے تحت مشقت کرنے والے بچوں اور ان کے اہل خانہ کو مالی معاونت فراہم کرکے ان بچوں کومفید شہری بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :