سکول مالکا ن کسی مفاد پرست کی جانب سے یونین سازی کے نام پر بلیک میل نہ ہوں،ترجمان

بدھ 24 اگست 2016 18:32

لاہور۔24 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 اگست ۔2016ء )پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ترجمان نے فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول(فاس) پروگرام میں توسیع کے دسویں مرحلے میں پارٹنرشپ میں ناکام سکولوں سے یونین سازی اور یونین فنڈ کے نام پر چندہ بٹورنے کی کوششوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سکول مالکا ن سے کہا ہے کہ وہ کسی مفاد پرست کی جانب سے یونین سازی کے نام پر بلیک میل نہ ہوں ،کیونکہ توسیع کا دسوا ں مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور اس ضمن میں کوئی تبدیلی ممکن نہیں۔

یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان نے واضح کیا کہ فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول میں توسیع کے دسویں مرحلے میں اپلائی کرنے والے سکولوں میں سے میرٹ اور مقرر ہ طریقہ کار پر پورا اترنے والے تعلیمی اداروں کاحتمی انتخاب کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تا ہم اس حوالے سے بعض جعل سازایک کلو میٹر فاصلے کی محکمانہ شرط پوری نہ کر سکنے والے سکولوں سے یونین سازی کے نام پر پیسے بٹورنے کی کوشش کر رہے ہیں اورانہیں یہ جھانسہ دیا جارہا ہے کہ اس پالیسی میں تبدیلی ممکن ہے، جو درست نہیں۔

پیف ترجمان نے نجی سکول مالکا ن کو ان کے اپنے مفاد میں واضح کیا ہے کہ وہ یونین سازی کے نام پر کسی قسم کی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بے وسیلہ بچوں کی مفت تعلیم کے منصوبوں سے اشتراک کے لیے پیف کے آئندہ توسیعی مرحلے کا انتظار کریں جس کے لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی با ضابطہ منظوری کے بعد اخبارات میں اشتہار دئیے جاتے ہیں اور امیدواران کا انتخاب انتہائی شفاف اندازمیں میرٹ اور پروگرام طریقہ کا ر کے مطابق کیا جاتا ہے۔ترجمان نے سکول مالکا ن سے مزید کہا کہ وہ معلومات و رہنمائی کے لیے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے متعلقہ پروگرام سے رابطہ کریں یاآفیشل ویب سائٹ www.pef.edu.pkکا وزٹ کریں۔