وزیراعظم سیکرٹریٹ میں آنے والے افراد کو بھرپور عزت و احترام دیا جائے،راجہ فاروق حیدر خان

قواعد و ضوابط کے مطابق عوامی درخواستوں اور شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ،کوئی بھی آفیسر اپنی میز پر فائل التوا میں نہ رکھے، وزیراعظم آزاد کشمیر ہائیڈرل جنریشن کو فوکس کیا جائے گا ،ہائیڈرل جنریشن سے جہاں بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا وہاں لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے، وزیراعظم سیکرٹریٹ میں سٹاف میٹنگ سے خطاب

بدھ 24 اگست 2016 18:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ہدایت کی کہ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں آنے والے افراد کو بھرپور عزت و احترام دیا جائے اور مشنری جذبے سے فرائض منصبی ادا کیئے جائیں ۔قواعد و ضوابط کے مطابق عوامی درخواستوں اور شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ۔

کوئی بھی آفیسر اپنی میز پر فائل التوا میں نہ رکھے ۔وزیراعظم سیکرٹریٹ میں آنے والے تمام افراد کو بلاتخصیص فوری ریلیف کی فراہمی کے لیئے اقدامات کریں ۔سرکاری ملازمین ریاست کے مفاد میں کام کریں ۔جو اچھا کام کرے گا میں اس کی پشت پر ہوں ۔سرکاری ملازم کی کوئی جماعت نہیں ہوتی ۔میرے لیئے بھی سب برابر ہیں۔ وزیرعظم نے کہا کہ دفتری اوقات کار کے دوران ظہر کی نماز کی باجماعت ادائیگی کو یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

دفاتر میں کفایت شعاری پر عمل کیا جائے اور غیر ضروری اخراجات سے اجتناب برتا جائے ۔ ریاست کے تشخص اور وقار کو مد نظر رکھتے ہوئے ریاست کے اس ادارے کو مثالی ادارہ بنایا جائے اور یاست کی اتھارٹی کو بحال کیا جائے ۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان یہاں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں سٹاف میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی نے کمیٹی روم آمد پر سٹاف کی طرف سے وزیراعظم آزادکشمیر کا خیر مقدم کیا اور سٹاف سے خطاب کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

پرنسپل سیکرٹری نے اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر کو یقین دلایا کہ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں جناب وزیراعظم کی ہدایات ،احکامات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور جناب وزیراعظم نے جن امور کی نشاندہی کی ہے اس پر جامہ حکمت عملی سے کام کیا جائے ۔وزیراعظم سیکرٹریٹ کے آفیسران و اہلکاران محنت و دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے اور عوامی سطح پر کسی کو شکایت کا موقع نہیں دیں گے ۔

دریں اثناء ہائیڈرل پاور جنریشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہائیڈرل جنریشن کو فوکس کیا جائے گا ؒ۔ہائیڈرل جنریشن سے جہاں بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا وہاں لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے ۔آزادکشمیر میں 20ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے ۔سیکرٹری ہائیڈرل پاور فیاض علی عباسی نے ہائیڈرل جنریشن کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ،ایم ڈی ہائیڈرو الیکٹرک بورڈ مشتاق گورسی ،ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ پاور سیل نوید گیلانی اور محکمہ کے دیگر آفیسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیراعظم کو ہائیڈرل جنریشن کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہائیڈرو الیکٹر ک بورڈ زیادہ سے زیادہ ہائیڈرل جنریشن کے منصوبوں کو Identifyکرے ۔

آزادکشمیر میں 20ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔محکمہ ہائیڈرو الیکٹرک بورڈ زیادہ ہائیڈرل منصوبوں کو لانچ کرے ۔وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل میں پانی سب سے بڑا مسئلہ ہو سکتا ہے ۔پانی کی نعمت سے فائدہ اٹھایا جائے ۔آئندہ دور میں آبی جارحیت ایٹمی جنگ سے بھی زیادہ خطرناک ہو گی ۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف معاشی عدم و استحکام پیدا کرنے کے لیئے آبی جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے ۔

اہل کشمیر بھارت کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیں گے ۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارت پاکستان کے معاشی و سیاسی عدم استحکا م کی سازشوں میں ملوث ہے ۔بھارتی حکمرانوں کے عزائم امن پسند اور آزادی پسند دنیا کے لیئے لمحہ فکریہ ہیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کی لازوال قربانیوں نے کشمیر ایشو کو دنیا کا فلیش پوائنٹ بنا دیا ۔

اب کشمیر کی آزادی کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے وکلاء پر زو ر دیا کہ وہ قانون و انصاف کی بالادستی اور عوام کو سستا انصاف فراہم کرنے کے لیئے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں ۔اس موقع پر آزادکشمیر کے وزراء ،وزیراطلاعات مشتاق احمد منہاس اور وزیر جنگلات سردار میر اکبر بھی موجود تھے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ آزادکشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے بڑی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں ۔

حکومت عوامی خواہشات کا بھرپور احترام کرے گی ۔آزادکشمیر سے کرپٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کریں گے ۔آزادکشمیر میں قانون و انصاف کی حکمرانی قائم کریں گے ۔ناانصافیوں کا ازالہ کریں گے اور تحریک آزادی کے بیس کیمپ کوکرپشن فری فلاحی معاشرے میں تبدیل کریں گے ۔صدر بار نے وزیراعظم آزادکشمیر کو یقین دلایا کہ وکلاء کمیونٹی قانون کی حکمرانی ،انصاف کی بالادستی اور میرٹ کے تقدس پر حکومت کی بھرپور معاونت کریگی ۔

متعلقہ عنوان :