Live Updates

ضلع غربی میں پی ٹی آئی کا ایم کیو ایم سے ڈرامائی اتحاد ،متحدہ چیئرمین پی ٹی آئی وائس چیئرمین کی نشست لے اڑی

مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے پی ٹی آئی کے فیصلے کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے عمران اسماعیل کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا

بدھ 24 اگست 2016 18:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں ضلع غربی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات میں ڈرامائی طور پر پاکستان تحریک انصاف نے ایم کیو ایم سے اچانک اتحاد کرلیا ،جس کے نتیجے میں ایم کیو ایم ضلعی چیئرمین اور تحریک انصاف وائس چیئرمین کی نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے ۔

مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے پی ٹی آئی کے فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے عمران اسماعیل کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ضلع غربی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین انتخابات میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب آخری لمحات میں پاکستان تحریک انصاف کراچی اتحاد سے الگ ہو کر ایم کیو ایم سے جاملی ۔

(جاری ہے)

دونوں جماعتوں کے اس اچانک اتحاد کے نتیجے میں ایم کیو ایم کے اظہار احمد خان ضلعی چیئرمین اور تحریک انصاف کے امیدوار ضلع کے وائس چیئرمین منتخب ہوگئے ۔

نتائج سامنے آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے شدید نعرے بازی اور پی ٹی آئی کے فیصلے کو غداری سے تشبیہ دے دی ۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل پریس کانفرنس کرنے آئے تو مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں نے امان اﷲ آفریدی کی قیادت میں شدید احتجاج کیا اور عمران اسماعیل کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا اور دونوں جماعتوں کے کارکن متصادم ہوگئے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات