طلاق مسائل کاحل نہیں ،لاہور ہائیکورٹ نے بچی کی تحویل کے کیس میں ناراض میاں بیوی کے درمیان صلح کرادی

بدھ 24 اگست 2016 18:18

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے بچی کی تحویل کے کیس میں ناراض میاں بیوی کے درمیان صلح کرادی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس ارم سجاد گل نے خاتون آفرین کی طرف سے شوہر سے بچی کی حوالگی کے لئے دائر درخواست کی سماعت کی۔ خاتون نے موقف اپنایا کہ اس کا شوہر اس پر تشدد کرتا ہے او روہ اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی۔

کمسن بچی خاوند کے پاس ہے استدعا ہے کہ اسے اس کی تحویل میں دیا جائے ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران جسٹس ارم سجاد گل نے ناراض میاں بیوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اپنی بچی کے مستقبل کے لیے صلح کر لیں اور اس طرح خاندان الگ ہونے سے بچ سکتا ہے۔ فاضل عدالت کی طرف سے میاں بیوی کو صلح کیلئے مہلت دی گئی اور وقت ختم ہونے پر فاضل عدالت کو بتایا گیا کہ دونوں نے ناراضی ختم کر کے صلح کر لی ہے ۔فاضل عدالت نے قرار دیا کہ طلاق مسائل کا حل نہیں ، میاں بیوی کو بچوں کے مستقبل کا سوچنا چاہیے ۔فاضل عدالت نے ماں کی طرف سے دائر بچی کی حوالگی کی درخواست نمٹا دی۔