علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے عمل کو مزید بہتر بنا نے کے ساتھ کچرے کے ڈھیروں کو بروقت ٹھکانے لگا یا جائے ،ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی

بدھ 24 اگست 2016 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 اگست ۔2016ء)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پرضلع کورنگی میں صفائی وستھرائی کی خصوصی انتظامات کے حوالے سے اقدامات مزید تیز کردیئے گئے ۔شاہ فیصل زون کی حدود میں ریلوے ٹریک کے اطراف کچرا اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو اُٹھا نے اور ریلوے ٹریک کے اطراف کوڑا کرکٹ اور کچرا پھنکنے والوں کے خلاف کاروائی کے حوالے سے خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی محمد زمان ناریجو نے شاہ فیصل زون میں ریلوے لائن کے اطراف صفائی وستھرائی اور کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کو اُٹھا نے کے حوالے سے خصوصی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کہاکہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے عمل کو مزید بہتر بنا نے کے ساتھ کچرے کے ڈھیروں کو اُٹھا کر بروقت ٹھکانے لگا نے کے حوالے سے اقدامات تیز کئے جائیں اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار احمد سومرو ،میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو ،سپرٹینڈنگ انجینئر غلام سرور چاچڑ ،ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ کورنگی رفیق شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسلم پرویز بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے عمل کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنا یا جائے خصوصاً شاہ فیصل زون کی حدود میں قائم ریلوے ٹریک کے اطراف کچرے کے ڈھیروں کو اُٹھا نے کے ساتھ ساتھ ریلوے ٹریک کے اطراف کوڑا کرکٹ اور کچرا ڈالنے پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار احمد سومرو اور میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو نے کہاکہ بلدیہ کورنگی ضلعی حدود میں صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنانے کے لئے عملی جدو جہد میں مصروف ہے اور انشا اﷲ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کے چپے چپے کو صاف ستھرا اور سربز بنا یا جائیگا ۔