میر واعظ کا عالمی رہنماؤ ں ا ور اداروں کو مسئلہ کشمیر حل کرنے میں کردار ادا کرنے کے لیے خط

بدھ 24 اگست 2016 13:38

سرینگر ۔ 24 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 اگست۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چےئرمین میرواعظ عمر فاروق نے مختلف عالمی ودینی رہنماؤں اوربین الاقوامی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری عوام کو بھارت کی ریاستی دہشت گردی، نسل کشی اور قتل و غارتگری سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمرفاروق نے امام خانہ کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس ، پوپ فرانسس،بدھ مت کے روحانی پیشودلائی لامہ،ہندو رہنما شنکر اچاریہ ، نئی دہلی میں مقیم غیر ملکی سفیروں، بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور انسانی حقوق عالمی اداروں کے نام ایک خط میں ان کی توجہ کشمیر کی سنگین اور افسوسناک صورتحال کی طرف مبذول کرائی ہے ۔

میرواعظ نے اپنے مکتوب میں ان کی توجہ حق خودارادیت کے لیے کشمیری عوام کی طویل اورپُر امن جدوجہد اور آزادی کے مطالبے کی طرف دلائی جس کی پاداش میں بھارت کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کررہا ہے اور بالخصوص گزشتہ40 روز کے دوران بھارت نے جس طرح مہلک ہتھیاروں کا استعمال کرکے70 سے زائدافراد کوشہید اور6 ہزار سے زائد نوجوانوں، معصوم بچوں اور خواتین کو زخمی کردیا ہے۔

(جاری ہے)

سینکڑوں نوجوانوں کی آنکھوں کی بینائی چھین لی گئی ہے اور کشمیر کے طول و عرض میں مسلسل کرفیو اور پابندیوں کے علاوہ علاقے میں جنگی صورتحال پیدا کی گئی اورکشمیر کو ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیاہے ۔ خط میں مسئلہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق یا پھربھارت، پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان جامع مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت واضح ی گئی ہے ۔

میرواعظ نے مسئلہ کشمیر کی سنگینی،اسکی حساسیت اور اسے اب تک حل نہ کرنے کی وجہ سے پورے خطے میں پڑنے والے منفی اثرات واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اس مسئلے کو حل نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیا میں قیام امن کا خواب ہرگز شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ایسے اقدامات یقینی بنائیں جن سے برصغیر کے عوام کوبے یقینی کی دلدل سے نکالا جاسکے اور خطے میں سیاسی استحکام اور امن و سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔