سرخ گوشت کے زیادہ استعمال سے گردوں کے فیل ہونے کا خطرہ 40 فیصد تک بڑھ جاتا ہے،طبی ماہرین

بدھ 24 اگست 2016 12:04

اسلام آباد ۔ 24 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 اگست ۔2016ء) ماہرین صحت کاکہناہے کہ سرخ گوشت کے زیادہ استعمال سے گردوں کے فیل ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ سنگاپور کی نیشنل یونیورسٹی کے شعبہ صحت سے جاری کردہ جدید تحقیقی رپورٹ کے مطابق گائے بکرے یا کسی بھی قسم کے سرخ گوشت کے زیادہ استعمال سے گردوں کے فیل ہونے کا خطرہ 40 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

تحقیق کے دوران 62 ہزار سے زیادہ افراد کا جائزہ لیا گیا جو سرخ گوشت ، مرغی، مچھلی، انڈے اور دودھ وغیرہ کا استعمال کرتے تھے۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ سرخ گوشت کا زیادہ استعمال اورگردوں کے مہلک امراض کے درمیان مضبوط تعلق موجود ہے جبکہ اس کے مقابلے میں مرغی، مچھلی انڈے یا دودھ سے بنی مصنوعات کے استعمال سے گردوں کے امراض کا تعلق دریافت نہیں ہوا۔ماہرین نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرخ گوشت کا استعمال مکمل طور پر ترک نہیں کرنا چاہئے کیونکہ یہ پروٹین کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے تاہم اس کے استعمال میں کمی لانا چاہئے اور ہفتے میں ایک یا دو بار سرخ گوشت کا استعمال گردوں کے لئے مفید ہے۔