کائنات کے 14 حقائق جن سے آپ یقیناً بے خبر ہونگے

Ameen Akbar امین اکبر منگل 23 اگست 2016 23:51

کائنات کے 14 حقائق جن سے آپ یقیناً بے خبر ہونگے

یہ کائنات انتہائی عجیب و غریب جگہ ہے۔ اس پیچیدہ کائنات کے ان گنت اسرار ہم آج تک سمجھ ہی نہیں سکے۔جیسے جیسے ہمارا علم بڑھ رہا ہے، ویسے ویسے نت نئے حقائق ہمارے سامنے آ رہے ہیں۔ذیل میں کائنات کے حوالے سے ایسے ہی چند حقائق دئیے جا رہے ہیں، جنہیں پڑھ کر آپ یقیناً حیران رہ جائیں گے۔
1. اگر آپ کے جسم کے ڈی این اے کو سلجھا کر سیدھا کیا جائے تو یہ 34ارب میل پر پھیل جائے گا یعنی پلوٹو (2.66 ارب میل) سے زمین کے گرد 13 بار لپٹ جائے گا۔


2. عام مادہ تقریباً(99.9999999فیصد) خالی ہوتا ہے۔ اگرہم اپنے ایٹمز کی خالی جگہ نکال دیں تو ساری نوع انسانی یعنی تقریبا 7ارب انسان ایک چینی کے دانے میں سما سکتے ہیں۔
3. ہمارا جسم جن ایٹمز سے بناہے، چاہے وہ ہڈیوں کا کیلشیم ہو یا خون میں موجود فولاد، سب اربوں سال پہلے کسی پھٹتے ستارے کا حصہ تھے۔

(جاری ہے)


4. ہمارے ہائیڈروجن کے ایٹم13.7ارب سال پہلے بگ بینگ کے وقت بنے تھے۔


5. کیبل کے دور سے پہلے اینٹینا پر ٹی وی کو ٹیون کرتے ہوئے اکثر سکرین پر چھوٹے دانے نظر آتے تھے۔ناسا کے مطابق ٹی وی ٹیون کرتے ہوئے نظر آنے والے یہ دانے بگ بینگ کی چمک کی وجہ سے ہیں۔
6. ستاروں سے روشنی کو ہماری آنکھوں تک پہنچنے میں بہت عرصہ لگتا ہے۔ جب ہم کسی ستارے کو دیکھتے ہیں تو اصل میں ہم اس کا ماضی دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ اسی طرح ناسا کی ہبل دوربین ماضی میں 10کروڑ سال پہلے کی کائنات دیکھ سکتی ہے۔


7. 47سال پہلے انسان نے چاند پر قدم رکھا تھا۔ چاند پر انسان کے قدموں کے نشان اب بھی موجود ہیں اور اگلے دس لاکھ سال تک رہیں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ چاند پر نہ ہی ہوا ہے اور نہ پانی جو نشانات کو مٹائے۔
8. بیرونی خلا بہت خاموش ہے۔ خوفناک حد تک خاموش۔ آواز کی لہروں کو سفر کرنے کےلیے کسی واسطے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ خلا بالکل خالی ہے۔

اس لیے وہاں انتہائی خاموشی کا راج ہے۔
9. اگر آپ خلا میں ایک ہی قسم کی دھات کے دو ٹکروں کو آپس میں ملائیں گے تو وہ بالکل ایک ساتھ جڑ جائیں گے اور قیامت تک جڑے ہی رہیں گے یا جب تک آپ خود انہیں توڑ کر الگ نہیں کرتے۔
10. زہرہ سیارے کا ایک سال 224 زمینی دنوں کے برابر ہوتا ہے جبکہ زہرہ پر ایک دن 243 زمینی دنوں کے برابر ہوتا ہے۔اس طرح زہرہ کا ایک دن ایک سال سے بڑا ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ زہرہ نظام شمشی کا واحد سیارہ ہے جو الٹا گھوم رہا ہے۔
11. سورج نظام شمشی کے مادے کا 99.86فیصد ہے۔یہ اتنا بڑا ہے کہ ہماری زمین جیسی 13لاکھ زمینیں اس میں سما سکتی ہیں۔
12. اس کائنات میں 3 سکس ٹلین (sextillion) ستارے ہوسکتے ہیں، یعنی 3 کے بعد 23 صفر یا 300,000,000,000,000,000,000,000ستارے ۔ یہ تعداد زمین پر موجود ریت کے ذروں سے بھی زیادہ ہیں۔

اگر شروع سے لیکر آج تک انسانوں کی تعداد 100ارب ہو تو ایک ایک انسان کے حصے میں کھربوں ستارے آ سکتے ہیں۔
13. جب کوئی عظیم ستارہ پھٹتا ہے تو اس کے مرکز میں ایک نیوٹران ستارہ رہ جاتا ہے۔نیوٹران ستارے کی کثافت اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ اگر ان میں سے ایک چمچ مادہ لیا جائے تو اس کا وزن ماؤنٹ ایورسٹ سے زیادہ ہوگا۔ پھٹتے ہوئے نیوٹران ستارے کی گھومنے کی رفتار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ یہ ایک سیکنڈ میں 600 چکر لگاتا ہے۔
14. قابل مشاہدہ ، جیسے ستارے اور سیارے، کائنات کا 5فیصد ہیں۔ باقی 95فیصدکائنات میں سے 68فیصد میں غیر مرئی تاریک توانائی اور 27فیصد میں تاریک مادہ ہے۔یعنی اس وقت تک ہم نے کائنات کے 95فیصد حصے کو ابھی تک نہیں دیکھا۔