کراچی،امتیاز شیخ نے باوقار تقریب میں باقاعدہ طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی

منگل 23 اگست 2016 23:04

کراچی،امتیاز شیخ نے باوقار تقریب میں باقاعدہ طور پر پیپلز پارٹی میں ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اگست ۔2016ء) پی ایم ایل (ایف) کے رکن صوبائی اسمبلی اور سابق بیورو کریٹ اور سینئر سیاستدان امتیاز شیخ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں باقاعدہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ امتیاز شیخ جوکہ شکارپور سے پی ایم ایل (ایف) سے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے نے فنکشنل لیگ سے بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا اور ایم پی اے کی سیٹ بھی چھوڑ دی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی کی حیثیت سے بھی مستعفی ہوگئے اور انہوں نے پی پی پی کوآرڈینیشن کمیٹی کے سینئر اراکین بشمول وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،نثار احمد کھوڑو، مولابخش چانڈیو، راشد ربانی، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی جن کا بھی تعلق ضلع شکارپور سے ہے، جنہوں نے اس تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی ، موجودگی میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امتیاز شیخ کو پی پی پی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صوبے کی سب سے مقبول جماعت ہے انہوں نے کہا کہ یہ کوئی معمولی مثال نہیں ہے کہ ایک منتخب ایم پی اے نے اپنی نشست اور وزیراعظم کے معاون خصوصی کی حیثیت سے استعفیٰ دے کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کو پاکستان پیپلز پارٹی کی فیملی میں خوش آمدید کہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ (آپ) امتیاز شیخ سندھ کے لوگوں کی خدمت کریں گے اور پارٹی کومستحکم کریں گے۔

سینئر صوبائی وزیر برائے خوراک نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ امتیاز شیخ ایک سینئر پارلیمینٹرین ہیں انکی پارٹی میں شمولیت ایک اچھا شگون ہے۔ انہوں نے انہیں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ امتیاز شیخ پاکستان پیپلز پارٹی کے گرانقدر رکن ثابت ہونگے۔اس موقعے پر امتیاز شیخ نے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اصولی طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، پاکستان پیپلز پارٹی پیٹریاٹ کے صدر آصف علی زرداری، ایم این اے فریال تالپور سے لندن میں ہونے والی ملاقات کے دوران شمولیت اختیار کرلی تھی مگر وہ آج باقاعدہ طور پرپی ایم ایل (ف) کو چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو ر ہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا سے بات کرنے کے بعد پی ایم ایل ایف کو چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست بہت زیادہ مؤثراور جارہانہ ہے لہذا انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا، تقریب میں امتیاز شیخ کے سپوٹرز نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر امتیاز شیخ کے تمام سپورٹرز نے بھی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا

متعلقہ عنوان :