قانون نافذ کرنے والے ادارے نو منتخب کونسلرز کو مناسب سیکورٹی فراہم کریں،سید مراد علی شاہ

خواہش ہے یہ مرحلہ خیر خوبی اور پرامن طریقے سے مکمل ہو،میئر اور چیئرمین پاکستان سے اپنی وفاداری کے تحت حلف اٹھائیں گے ،وزیر اعلیٰ سندھ

منگل 23 اگست 2016 23:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دیں ہیں کہ وہ نو منتخب کونسلرز کو مناسب سیکورٹی فراہم کریں،تاکہ وہ میئر اور چیئرمین کے الیکشن میں شرکت کر سکیں۔انہوں نے یہ بات آج اپنے مختلف میڈیا ہاؤسز کے دورے کے دوران میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔

اس موقعے پر صوبائی مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو بھی انکے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ بروز بدھ کو میئرز،ڈپٹی میئرز ،چیئرمین اور وائیس چیئرمین کے لوکل باڈیز کے الیکشن ہو رہے ہیں۔میں نے پولیس اور رینجرز کو کونسلرز کو تمام تر ضروری سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں تاکہ یہ میئرز اور چیئرمین کے بلدیاتی الیکشن میں شرکت کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری یہ خواہش ہے کہ یہ مرحلہ خیر خوبی اور پرامن طریقے سے مکمل ہو۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میئر اور چیئرمین پاکستان سے اپنی وفاداری کے تحت حلف اٹھائیں گے اور یہ بلکل صاف اور واضح ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کسی کو بھی اس شہر کے امن کو ھائی جیک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر کسی نے اس قسم کی کوشش کی تو ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اب حکومت کا مطلب یہ ہے کہ وزیراعلیٰ ، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار رات کو جاگیں گے تاکہ اس شہر کے لوگ سکون کے ساتھ سو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز جب چند دہشتگردوں نے میڈیا ہاؤسز پر حملہ کیا تو میں چاہتا تھا کہ میڈیا ہاؤسز کا دورہ کروں مگر انکی سیکیورٹی ٹیم نے انہیں اس سے گریز کرنے کو کہامگرانہوں نے کہا کہ اگرمیں صوبے کا بحیثیت وزیراعلیٰ اپنے کیپیٹل سٹی میں محفوظ نہیں ہو تو پھر میرے شہر ی کس طرح محفوظ ہونگے۔اور وہ یہ کہتے ہوئے وزیراعلیٰ ہاؤس سے روانہ ہوئے اور میڈیا ہاؤس کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر ایک شہری کو سیکیورٹی فراہم کرے اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب کسی کو بھی کسی گاڑی جلانے یا بندوق اپنے ہاتھوں میں اٹھانے یا مارکیٹوں میں شٹر ڈاؤن کرانے کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کا ہنی مون پیرڈ اب ختم ہو چکا ہے۔ایم کیو ایم میں نئی سیاسی پیش رفت سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ انکا اندرونی معاملہ ہے اور میں کراچی کے لوگوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتا ہوں

متعلقہ عنوان :