تھانہ بنی گالہ سرکل کو پارک ویو پراپرٹی ڈیلرکا نام دیا جائے،عبدالعلیم خان نے تھانہ بنی گالہ پولیس کو اپنے ساتھ ملا کر ملوٹ کی زمینوں پر قبضے کروائے ہیں اور مزید قبضے کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں

چیئرمین آس ویلفیئر ایسوسی ایشن شبیر خان عباسی کا بیان

منگل 23 اگست 2016 22:59

تھانہ بنی گالہ سرکل کو پارک ویو پراپرٹی ڈیلرکا نام دیا جائے،عبدالعلیم ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اگست ۔2016ء ) چیئرمین آس ویلفیئر ایسوسی ایشن شبیر خان عباسی نے وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیاہے کہ تھانہ بنی گالہ سرکل کو پارک ویو پراپرٹی ڈیلرکا نام دیا جائے،عبدالعلیم خان نے تھانہ بنی گالہ پولیس کو اپنے ساتھ ملا کر ملوٹ کی زمینوں پر قبضے کروائے ہیں اور مزید قبضے کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ۔

منگل کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ عبدالعلیم خان نے تھانہ بنی گالہ پولیس کو اپنے ساتھ ملا کر ملوٹ کی زمینوں پر قبضے کروائے ہیں اور مزید قبضے کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ۔مقامی لوگوں میں سے جس نے بھی عبدالعلیم کے ناجائز قبضے کرنے کے خلاف آواز اٹھائی اس کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کروا کر ان کی زمینیں ہتھیائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے وفاقی دارالحکومت کے مضافاتی علاقے میں ہاؤسنگ سکیم بنانے کے لیے زمینوں پر قبضے کرانے شروع کردیئے ، بہارہ کہو کے علاقے ملوٹ میں پارک ویو ہاؤسنگ سکیم کے نام سے رہائشی منصوبہ لانچ کر دیا گیا ہے ۔

منصوبے کے لئے مقامی لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس دھندے میں تھانہ بنی گالہ اور سرکل کے افسران کو بھی شامل کرتے ہوئے حصہ دار بنا لیا گیا ہے ۔زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کے خلاف مقامی آبادی کی مزاحمت کودبانے کے لیے متاثرین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنواکر انھیں ہراساں کیا جارہا ہے ، مقامی آباد ی نے علیم خان کے کارندوں کی طرف سے زمینوں پر غیر قانونی قبضے کے خلاف ایکشن لینے کے لیے وزیر اعظم نواز شریف ،وزیر داخلہ چوہدری نثار ،کمشنراور آئی جی اسلام آباد سے علیم خان اور اس کے گروہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی اپیل کی ہے۔

شبیر عباسی نے الزام عائد کیا ہے کہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنماعلیم خان کے کارندوں نے وفاقی دارالحکومت کے مضافاتی علاقے میں ہاؤسنگ سکیم کے نام پر بہارہ کہو کے علاقے ملوٹ میں زمینوں پر غیر قانونی قبضے شروع کردیئے ہیں اور اس کام میں بنی گالہ تھانہ کی پولیس بھی علیم خان کے اشاروں پر چل رہی ہے ۔ملوٹ کے متاثرین کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنماعلیم خان نے پارک ویو ہاؤسنگ سکیم کے نام سے ملوٹ میں رہائشی منصوبہ شروع کیا ہے اور اس کے لیے اب تک کئی ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضے کراچکے ہیں اور جن لوگوں کی زمین پر قبضہ کیا گیا ہے اگر وہ احتجاج یامزاحمت کرتے ہیں تو ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرادی جاتی ہے ۔

متاثرین کے مطابق علیم خان اور پولیس کی ملی بھگت کے خلاف ملوٹ کے مکینوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے جبکہ متاثرین نے وزیر اعظم نواز شریف ،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے رہنماعلیم خان کو ملوٹ کی زمینوں پر غیر قانونی قبضے کرنے کے عمل سے روکیں اور متاثرین کی قبضہ شدہ زمینیں انھیں واپس دلاکر ان کے خلاف درج جھوٹے مقدمات ختم کرائیں ۔ملوٹ کے سماجی رہنماء شبیر عباسی اور اہل علاقہ نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ علیم خان سمیت دیگر لینڈ مافیا کے خلاف سو موٹو ایکشن لیکر غریبوں کی داد رسی کریں ۔