زیرو ٹالرنس کے ساتھ انسداد ڈینگی مہم پنجاب بھر میں زور و شور سے جاری ہے ،خواجہ سلمان رفیق

اب تک حالات بہتر ہیں تاہم ڈینگی کا خطرہ بدستور موجود ہے اور سخت محنت کی ضرورت ہے ، عظمت محمود راولپنڈی میں مشیر صحت کی زیر صدارت انسداد ڈینگی سرگرمیوں کے جائزہ اجلاس میں مجموعی کارکردگی کا جائزہ

منگل 23 اگست 2016 22:59

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اگست ۔2016ء ) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ زیرو ٹالرنس کے ساتھ انسداد ڈینگی مہم پنجاب بھر میں زور و شور سے جاری ہے اور ان علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جہاں ڈینگی نے ماضی میں وبائی صورت اختیار کی اور حالیہ سیزن کے دوران بھی ڈینگی ان علاقوں میں انسانی جانوں کے لئے خطرہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں کمشنر راولپنڈ ی عظمت محمود کے ہمراہ انسداد ڈینگی اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر وسیم اکرم ، ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل ، انتظامیہ کے افسران اور سرکاری محکموں کے سربراہان اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مشیر صحت نے کہاکہ ڈینگی پر قابو پانے کے لئے آنے والے دنوں میں مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے اور جس طرح ڈینگی ورکرز شدید گرمی اور حبس کے باوجود گلی محلوں میں گھر گھر جا کر ڈینگی کے انسداد کے لئے خدمات سر انجام دے رہے ہیں اسی طرح اب سرکاری محکموں کے سربراہ بھی فیلڈ کے دورے کرکے بذات خود ڈینگی کنٹرول کے اقدامات کا جائزہ لیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ڈینگی کی صورت حال سے آگاہ ہیں اور ان کی ہدایات کی روشنی میں لاروا کی افزائش کی روک تھام کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔کمشنرراولپنڈی عظمت محمود نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لئے لازم ہے کہ اس وقت لاروا کے خاتمے پر بھرپورتوجہ دی جائے انہوں نے کہاکہ تمام محکمے اس مقصد کے لئے باہمی رابطے سے کاوشیں بروئے کار لائیں اور ان ڈور و آوٹ ڈور سرولنس کے دوران کسی بھی مقام کو نظرانداز نہ کریں۔

اجلاس میں شریک ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے کہاکہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس پر سرولنس کے لئے محکمہ صحت سمیت دیگر محکموں کی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں اور انتظامیہ کے افسران بھی ڈینگی کنٹرول جدو جہد میں شریک ہیں۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد صابر نے اس موقع پر ایک بریفننگ کے دوران محکمہ صحت اور دیگر اداروں کی طرف سے ڈینگی پر قابو پانے کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :