’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘، جنوبی اور شمالی پنجاب کیلئے علیحدہ کمپنیوں کے قیام کا فیصلہ

علیحدہ کمپنیوں کے قیام سے پروگرام پر تیز رفتاری سے عملدرآمد اور وسائل کا بروقت استعمال یقینی بنایا جا سکے گا‘وزیراعلیٰ شہباز شریف

منگل 23 اگست 2016 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اجلاس منعقد ہوا جس میں پینے کے صاف پانی کے پروگرام کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ کے تحت جنوبی اور شمالی پنجاب کیلئے علیحدہ علیحدہ صاف پانی کمپنیوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی کا منصوبہ صحت مند زندگی کیلئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ کے تحت اربوں روپے سے شہریوں کو صاف پانی فراہم کیا جائے گا اور اس پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے کوالٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی اور شمالی پنجاب کیلئے علیحدہ کمپنیوں کے قیام سے نہ صرف ’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ پر موثر انداز اور تیز رفتاری سے عملدرآمد ہوگا بلکہ اربوں روپے کے وسائل کا بروقت استعمال بھی یقینی بنایا جا سکے گا اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی خدمات کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صاف پانی تک رسائی عوام کا حق ہے اور ان تک یہ حق پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ صوبائی وزیر تنویر اسلم ملک، چیئرمین صاف پانی کمپنی ایم پی اے محمد کاشف پڈھیار، چیئرمین ٹاسک فورس برائے اطلاعات و ثقافت محمد مالک، چیف ایگزیکٹو آفیسر صاف پانی کمپنی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :