فاروق ستار کا ملک کے خلاف زہراگلنے کی روش ترک کرکے صاف ستھری کرنے کا عہد خوش آئند ہے ،یہ ایم کیو ایم کا اندرونی معاملہ ہے کہ پارٹی کی قیادت کس کو دیتے ہیں ،ہمارا یہ موقف رہا ہے کہ ایم کیو ایم میں موجود سارے لوگ منفی سرگرمیوں میں ملوث نہیں

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کا ڈاکٹر فاروق ستار کے بیان پرردعمل کااظہار

منگل 23 اگست 2016 22:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اگست ۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ فاروق ستار کی طرف سے ملک کے خلاف زہراگلنے کی روش کو ترک کر تے ہوئے صاف ستھری اور مثبت سیاست کرنے کا عہد خوش آئند ہے ،یہ ایم کیو ایم کا اندرونی معاملہ ہے کہ پارٹی کی قیادت کس کو دیتے ہیں مگر یہ بات اہم ہے کہ پارٹی قیادت محب وطن اور قوم کے ساتھ مخلص ہو۔

منگل کواپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ کراچی جیسے اہم شہر کا امن بحال کرنے اور اس کی رونقیں واپس لانے کے لئے شہرمیں حب الوطنی پر مشتمل صاف ستھری سیاست کی جائے۔ہمارا یہ موقف رہا ہے کہ ایم کیو ایم میں موجود سارے لوگ منفی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں بلکہ ہمارے خیال میں اردو سپیکنگ بھی اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے کہ دوسرے پاکستانی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کا شدت پسند اور منفی سرگرمیوں میں ملوث عناصر سے اعلان لاتعلقی احسن اقدام ہے۔اگر ایم کیو ایم اس ارادے کو حقیقتاً عملی جامہ پہنانے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو یہ نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک کے لئے اچھی بات ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایل کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور حکومت میں ایم کیو ایم کے مسلح ونگز ختم کر کے انہیں صاف ستھری سیاست میں کرداراداکرنے کا موقع فراہم کیاگیا تھا۔ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے گورنر سندھ عشرت العباد اور کراچی کے سابق ناظم مصطفی کمال جیسے لوگوں کی حب الوطنی ثابت شدہ ہے۔ایم کیو ایم اپنے اوپر لگے الزامات صاف کر کے کراچی کا امن بحال کرنے میں کردارادا کرنا چاہتی ہے تو یہ خوش آئند بات ہو گی۔