وزیر مملکت کیڈ سے کامیاب مذاکرات کے بعد پمز ملازمین کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان

مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائے گا ،تمام فریقین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا، طارق فضل چوہدری کی مظاہرین کو یقین دہانی

منگل 23 اگست 2016 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اگست ۔2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے کامیاب مذاکرات کے بعد پمز ملازمین نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔منگل کو وزیر مملکت پمز ہسپتال پہنچے اور ہڑتالی ملازمین کے نما ئندوں سے ان کے مطالبات سنے اور اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے لئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیر مملکت نے ہڑتالی ملازمین سے خطاب بھی کیا اور انھیں یقین دلایا کہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائے گا اور تمام فریقین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا ، ملازمین کی فلاح موجودہ حکومت کی ترجیح ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف صحت اور تعلیم کے معاملات میں ذاتی دلچسپی لیتے ہیں ، پمز ہسپتال کی بہتری کیلئے انھوں نے پہلے بھی خصوصی گرانٹ دی او ر بہتر کام کرنے پر مزید امداد فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے ان سیکٹر وں میں کسی قسم کی سیاست نہیں ہونی چاہئے، یونیورسٹی اور ہسپتال کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔

ہسپتالوں میں مطالبات منوانے کیلئے ہڑتال کرنے سے مریضوں کا سخت نقصان ہوتا ہے اور ہسپتال ملازمین کی نیک نامی پہ حرف آتا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت، ہسپتال انتظامیہ اور ہڑتالی ملازمین کے درمیان کوئی اختلا ف رائے نہیں، ملازمین حکومت سے متعلق تما م شکوک و شبہات دور کریں ، پمز اور یونیورسٹی کے انتظامی معاملات کو علیحدہ کیا جائے گا، پمز ملازمین سول سرونٹس کو حاصل تمام مراعات کے حق دار ہوں گے ، ان سلسلے میں تمام ابہام دور کئے جائیں گے ،پمز اور یونیورسٹی کے نئے انتظامی سسٹم سے متعلق بل جلد ہی قومی اسمبلی کی کابینہ کی قائمہ کمیٹی کو پیش کر دیا جائے گا۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پمز کا شمار پاکستان کے بہترین ہسپتالوں میں ہوتا تھا، اس ہسپتال کے سروس کے معیار کو بہتر بنا کر اسے مثالی ہسپتال بنائیں گے۔وزیر مملکت کی تقریر کے بعد ہڑتالی ملازمین کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور ہڑتال فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے ہسپتال ملازمین کے مطالبات کو سننے اور ان پر ایکش لینے کی یقین دہانی ہر وزیر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :