ایس ایس یو کے کمانڈوز کا کراچی میں فلیگ مارچ ،300 کمانڈوز نے اسکولوں اور حساس مقامات پر فرائض انجام دیے

منگل 23 اگست 2016 22:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس مقصود احمد کی ہدایات پر ایس ایس یو کے کمانڈوز بشمول خواتین کمانڈوز نے آج شہریوں میں تحفظ کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے کراچی شہر میں فلیگ مارچ کیا۔سینئر افسران کی سربراہی میں جدید اسلحہ سے لیس ایس ایس یو کے کمانڈوز بشمول S.W.A.T ٹیم کے اراکین نے شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کیا۔

اس کے علاوہ جدید ہتھیاروں اور مواصلاتی نظام سے لیس اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T)ٹیم کے کمانڈوز صریع الحرکت فورس کے طور پرسماج دشمن عناصر کی جانب سے پیدا کردہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔جبکہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے 300 کمانڈوز نے سینئر افسران کی نگرانی میں آج مختلف حساس مقامات اور تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔

(جاری ہے)

ایس ایس یو کے کمانڈوز نے مختلف تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور انھیں یقین دلایا کہ ان کے اسکول پوری طرح محفوظ ہیں ۔جن اسکولوں کا دورہ کیا ان میں صدر گرامر اسکول ؛ بوٹ بیسن گرامر اسکول کلفٹن ؛ بیکن ہاؤس گرامر اسکول گلشن برانچ؛ بیکن ہاؤس گرامر اسکول ڈیفنس برانچ؛ حبیب پبلک اسکول سلطانہ آباد؛ حبیب پبلک اسکول گارڈن؛ ماما پارسی اسکول ایم اے جناح روڈ، ماما پارسی اسکول صدر؛ سٹی اسکول ؛ آرمی پبلک اسکول صدر؛ آرمی پبلک اسکول کینٹ اسٹیشن؛ سینٹ پیٹرک پبلک اسکول صدر؛ سینٹ جوزف پبلک اسکول صدر وغیرہ شامل ہیں۔انتہائی ہنر مند ایس ایس یو کے کمانڈوز عام شہریوں کی جان ومال کی مؤثر انداز میں حفاظت اور تعلیمی اداروں کو محفوظ بنانے کے لیے پختہ عزم رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :