واپڈا کے خلاف اووربلنگ ودیگر شکایات کے ازالہ کیلئے پورے ملک کے غیراعلانیہ دورے کرونگا، وزیرمملکت برائے پانی و بجلی

منگل 23 اگست 2016 21:33

ملتان۔23 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اگست ۔2016ء ) وفاقی وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ اووربلنگ کی شکایات کے ازالے کیلئے پورے پاکستان کاغیراعلانیہ دورہ کرونگا اور واپڈا کے کرپٹ اہلکاروں کے خلاف موقع پر کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر انصاف مہیا کیا جائے گا۔اس سلسلے میں منگل کو بھی مظفرگڑھ کے غیراعلانیہ دورے پر آیا ہوں وہاں پر میں نے قانونی کاروائی کاحکم دیا ہے۔

اسی طرح جھنگ میں بھی 9اہلکار ملوث تھے ان کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پورے پاکستان میں نئی ٹرانسمیشن لائنیں بچھائی گئی ہیں ان کو چیک کرنے کیلئے پہلے فیصل آباد کو فل لوڈ پر چلایاگیا جو 99فیصد ٹھیک نکلا۔پھرآئیسکو کوفل لوڈ پر چلایا جو 93فیصد ٹھیک چلا۔

(جاری ہے)

اب میپکو اور پھر لیسکو کوبھی اسی طرح چیک کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2018ء سے پہلے پاکستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

وزیراعظم محمد نوازشریف کی ملک دوست پالیسیوں سے عمران خان ،طاہرالقادری اور شیخ رشید کوسب سے زیادہ تکلیف ہوررہی ہے کہ ملک کیوں ترقی کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کو خیبر پختونخوا کی عوام نے بھی رد کردیا ہے۔ لوگوں نے احتجاج کی پالیسی کو رد کردیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کانام کہیں بھی پانامہ پیپرزمیں نہیں ہے۔پچھلے14سال میں وزیراعظم پر کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔

متعلقہ عنوان :