پاکستان کیخلاف نعرے لگانے والے سے بڑا غدار کوئی نہیں ہوسکتا ،قائد ایم کیو ایم مودی کا چھوٹا بھائی ہے‘عمران خان سیاسی یتیم،طاہرالقادری ڈبل شاہ،شیخ رشید سیاسی فراڈیا ہے‘انتشارکی سیاست کرنیوالے بھارتی ایجنڈے پرکام کررہے ہیں

وزیرمملکت پانی وبجلی عابدشیرعلی کی ملتان میں میپکوہیڈکوارٹر میں میڈیا سے گفتگو

منگل 23 اگست 2016 21:29

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف نعرے لگانے والے سے بڑا غدار کوئی نہیں ہوسکتا ۔قائد ایم کیو ایم ،مودی کا چھوٹا بھائی ہے۔عمران خان سیاسی یتیم،طاہرالقادری ڈبل شاہ،شیخ رشید سیاسی فراڈیا ہے۔انتشارکی سیاست کرنیوالے بھارتی ایجنڈے پرکام کررہے ہیں۔

منگل کے روز ملتان میں میپکو ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابدشیرعلی کا کہنا تھا کہ قائد ایم کیو ایم نے پاکستان کیخلاف نعرے لگا کر مہاجروں اور انکے آباواجداد کی تذلیل کی ہے۔ایم کیوایم کے لوگ پاکستانی ہیں اور انکے منتخب نمائندے اسمبلیوں میں موجود ہیں تاہم ملک کیخلاف تقریریں کرنے والے پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اب فیصلہ محب وطن مہاجروں کو کرنا ہے، بد کرداراورملک دشمنوں پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلے گا۔

ا نہوں نے ایک مرتبہ پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ دوہزاراٹھارہ میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔2018 کے انتخابات میں بھی میاں نوازشریف ہی وزیراعظم بنیں گے ۔ عوام نے حتجاج کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت کے ساتھ مذاکرات کئے ہیں لیکن وہ بجلی کا مسئلہ حل نہیں کرنا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید احمد سیاسی یتیم ہیں وہ بتائیں کہ ریشم کے کاروبار پر کتنا ٹیکس دیا ہے ۔

قبل ازیں مظفرگڑھ میں ایکسین کے اچانک دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیرعلی نے کہا کہ پاکستان کیخلاف نعرے لگانے وانے والے کیخلاف کاروائی ہونی چاہیے۔,ایم کیوایم کے ووٹرز اور سپورٹرز محب وطن ہیں,ایک شخص کے کیے کی سزا ایم کیوایم کے سپورٹرز کو نہیں ملنی چاہیے۔ ایم کیوایم کے ووٹرز اور سپورٹرز کوقومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردی میں ملوث افراد کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن ہوناچاہیے,۔وہ میڈیا کے دفاتر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس حوالے سے ملوث افرادکیخلاف کاروائی صوبائی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے۔عابدشیرعلی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور طاہرالقادری کزن ہیں اور لوگوں کو بہکاتے ہیں۔لوگوں نے دونوں کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کہ کسی کوپاکستان کے حالات خراب کرنیکی اجازت نہیں دی جائیگی اور جس زبان میں بات کی جائیگی اسی زبان میں سخت جواب بھی دیاجائے گا۔