25 اگست کو ڈی جی خان ،راجن پور، لیہ سمیت درجنوں شہروں میں مظاہرے اور دھرنے ہونگے ،عوامی تحریک

تحریک قصاص و سا لمیت پاکستان احتجاجی مظاہروں کی تیاریاں مکمل،ڈاکٹر طاہر القادری خطاب کریں گے

منگل 23 اگست 2016 21:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا ہے کہ تحریک قصاص و سالمیت پاکستان کے سلسلے میں 25 اگست کو ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، لیہ، کروڑ لعل عیسن، فاضل پور، تونسہ، کوٹ سلطان، اعظم چوک اور جتوئی سمیت درجنوں شہروں میں احتجاجی مظاہرے و دھرنے ہونگے۔

سربراہ عوامی تحریک ان احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرینگے۔ دھرنوں اور مظاہروں کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔تمام شہروں کی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے روزانہ کی بنیاد پر تیاریوں کے حوالے سے رپورٹ لی جارہی ہے۔ کارکن عوامی رابطہ مہم کو تیز کر دیں ۔25 اگست کے احتجاجی مظاہروں میں اتحادی سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکنان بڑی تعداد میں شرکت کرینگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ کی قیادت میں آئے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر شاکر مزاری، سیف اﷲ سدوزئی ،چودھری قمر عباس، ڈاکٹر زبیر خان ،راؤ عارف رضوی اور دیگر بھی موجود تھے۔ خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا کہ عوامی تحریک کے حالیہ مظاہروں اور تاریخی دھرنوں نے حکومت کے وجود کو غیر موثر کر دیا ہے۔

جعلی اور کرپٹ حکمرانوں نے عوامی مسائل میں اضافہ کیا ہے۔قوم اس حکومت کی رخصتی کا بے چینی سے انتظار کررہی ہے۔گو نواز گو کا نعرہ پوری قوم کی آواز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اجتماعی قتل کے واقعات میں ملوث حکمران انصاف کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک قاتل حکمران اپنی عہدوں پر برقرار رہیں گے تب تک انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمران ریاست کو روندنے پر تلے ہوئے ہیں مگر قوم ایسا ہر گز نہیں ہونے دے گی۔آئین میں دئیے حقوق واپس لینے کیلئے عوام 25 اگست کو بڑی تعداد میں گھروں سے نکلیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ گھروں میں بیٹھ کر جلنے مرنے سے کچھ نہیں ملے گا۔غاصبوں سے حقوق چھیننا ہونگے۔ڈاکٹر طاہر القادری ظالمانہ سیاسی نظام کو بدل کر عوام کو شریک اقتدار کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔

حکمران ارادی طور پر ملک دشمنی کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ عوام ایسی سازشوں کاقلع قمع کر دیں۔آل شریف دولت اور اقتدار کے نشے میں بدمست ہو کر ریاست کو کچلنا چاہتے ہیں ان کا راستہ روکنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں انصاف نا پید ہے حالات عوام کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔جنوبی پنجاب کے لوگوں کو ان حکمرانوں نے سوائے مایوسی کے کچھ نہیں دیا۔جنوبی پنجاب کے عوام 25اگست کو ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں میں شریک ہو کر سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونیوالوں کوانصاف دلوانے میں ساتھ دیں ۔