توڑ پھوڑ کا خطرہ‘ لاہور میں ایم کیو ایم کے دفتر سے پارٹی پرچم اور الطاف حسین کی تصاویر اتار دی گئیں، پولیس کی نفری تعینات

منگل 23 اگست 2016 21:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) کراچی میں ایم کیو ایم رہنماؤں کے پاکستان مخالف بیانات کے بعد ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کا خطرہ، پولیس نے ایم کیو ایم کے مرکزی دفتر سے پارٹی پرچم اور الطاف حسین کی تصاویر اتار کر پولیس کی نفری تعینات کردی ہے۔

(جاری ہے)

ایس پی آپریشنز اقبال ٹاون ڈویژن عادل میمن کے مطابق مسلم ٹاون ایوبیہ مارکیٹ کے قریب واقع متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی دفتر کے باہر پولیس کی نفری تعینات کردی گئی ہے پولیس نے ایم کیو ایم کے دفتر پر نصب پارٹی پرچم اور الطاف حسین کی تصاویر اتار کر وال چاکنگ بھی مٹا دی ہے۔

عادل میمن کا کہنا تھا کہ پولیس نے تمام اقدامات احتیاطی طور پر کئے ہیں جن کا مقصد کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ سے بچنا ہے کراچی میں الطاف حسین کے پاکستان مخالف بیانات کے بعد عوامی ردعمل کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر امن وامان برقرار رکھنے کیلئے نفری تعینات کی گئی ہے۔