پانامہ انکشافات کی تحقیقات کروانا ہوں گی، وزیر اعظم کو احتساب کیلئے بھی خود کو پیش کرنا ہو گا،سابقہ حکومتوں کے منصوبوں پر تختیاں لگا کر قوم کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا،کراچی میں پاکستان مردہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں وزیر اعظم جھوٹ بولنے میں مصروف ہیں ، ان کو کو جان لینا چاہیے کہ مک مکا اور لوٹ مار کی سیاست مزید کامیاب نہیں ہوگی

پاکستان تحر یک انصاف کے مر کزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کا وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل کا اظہار

منگل 23 اگست 2016 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) پاکستان تحر یک انصاف کے مر کزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ پانامہ انکشافات کی تحقیقات بھی کروانا ہوں گی وزیر اعظم کو احتساب کیلئے بھی خود کو پیش کرنا ہو گاسابقہ حکومتوں کے منصوبوں پر تختیاں لگا کر قوم کو گمراہ نہیں کیا جا سکتاکراچی میں پاکستان مردہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں وزیر اعظم جھوٹ بولنے اور سمدھی کی تعریفیں کرنے میں مصروف ہیں ۔

منگل کے روز میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نواز شریف کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو جان لینا چاہیے کہ مک مکا اور لوٹ مار کی سیاست مزید کامیاب نہیں ہوگی ،وزیر اعظم کو گزشتہ تین برس سے برآمدات میں مسلسل گراوٹ بھی نظر نہیں آتی ،ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ کے بعد وزیراعظم کے دعووں پر یقین کیسے ممکن ہے؟ ورلڈ اکنامک فورم کے مطابق انسانی ترقی میں پاکستان ایتھوپیا سے محض ایک درجہ اوپر ہے ،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا ک پاکستان سٹیل ملز، مشین ٹول فیکٹری سمیت سرکاری کارپوریشنز کے بے شمار ملازمین کو حکومت تنخواہیں تک نہیں دے پا رہی ،اپنی اولاد کی آف شور کمپنیاں بنانے اور منی لانڈرنگ کو وزیر اعظم معاشی انقلاب کا نام دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور انکی حکومت نے انتھک محنت کے ذریعے پاکستان سے زراعت کا جنازہ نکالا ہے ،وزیر اعظم کی جانب سے ٹیکسوں کی ادائیگی کی تلقین سن کر بہت سے تاجروں کی ہنسی چھوٹ گئی ،پانامہ انکشافات کی تحقیقات بھی کروانا ہوں گی اور وزیر اعظم کو احتساب کیلئے بھی خود کو پیش کرنا ہو گا ،سابقہ حکومتوں کے منصوبوں پر تختیاں لگا کر قوم کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا ،ریلوے میں لوٹ مار کی داستان آڈیٹرز اپنی رپورٹ میں سنا چکے ہیں ۔