رینجرز نے ڈاکٹرعامر لیاقت رہا، قمر منصور ، شاہد پاشا اور کنور نوید جمیل کو 3روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا

میں پاکستان سے محبت کرتا ہوں اور مرتے دم تک کرتا رہوں گا،ایم کیو ایم قائد کے بیان کی مذمت کرتا ہوں اور ڈاکٹر فاروق ستار کی حمایت کرتا ہوں، ڈاکٹرعامرلیاقت

منگل 23 اگست 2016 21:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) رینجرز نے ڈاکٹرعامر لیاقت کو رہا کردیاہے جبکہ ایم کیو ایم رہنما قمر منصور ، شاہد پاشا اور کنور نوید جمیل کو 3روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے ایم کیوا ایم کے رہنما ڈاکٹرعامر لیاقت کو رہا کردیا ، انہیں گزشتہ روز ان کے آفس سے حراست میں لیا گیا تھا۔

رہائی کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ نہیں۔ انھوں نے ایم کیو ایم کے قائد کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم سے علیحدگی سے متعلق کہنا تھا کہ اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ انھوں نے کہا میں شدید دبا ؤمیں ہوں۔ایم کیو ایم قائد کی ملک مخالف تقریر پر ڈاکٹرعامر لیاقت پرردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان سے محبت کرتا ہوں اور مرتے دم تک کرتا رہوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم قائد کے بیان کی مذمت کرتا ہوں اور ڈاکٹر فاروق ستار کی حمایت کااعلان کرتا ہوں۔اس سے قبل کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور ، شاہد پاشا اور کنور نوید جمیل کو پیش کیا گیا ، تینوں رہنماؤں کو منہ پر کپڑا ڈال کر سخت سکیورٹی میں عدالت لایا گیا تو وکلا اور شہریوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور ، شاہد پاشا اور کنور نوید جمیل کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ایم کیو ایم کے تینوں رہنماوں کے خلاف 116/2016 اور 117/2016 کے تحت مقدمات درج ہیں، جس میں جلا گھیرا، اشتعال انگیزی کے الزامات شامل ہیں ۔اس سے قبل ایم کیو ایم کے 11 کارکنوں کو بھی رہنماں سے پہلے 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔گزشتہ روز متحدہ کے قائد کی پاکستان کیخلاف اشتعال انگیز تقریر اور نجی ٹی وی کے دفتر پر حملے کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا۔