الیکٹرانک آئی فارم کا نفاذ جنوری 2017 تک موخر کیا جائے‘ لاہور چیمبر

منگل 23 اگست 2016 20:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان اشرف محمود واتھرا پر زور دیا ہے کہ وہ الیکٹرانک آئی فارم کا نفاذ کم از کم جنوری 2017ء تک موخر کردیں تاکہ امپورٹرز کو اس کے بارے میں تربیت اور زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کی جاسکیں۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ الیکٹرانک آئی فارم نافذ کرنے سے پہلے بینک عملے کو اس سلسلے میں مکمل تربیت اورامپورٹرزکو معلومات، شعور و آگہی دینے کی ضرورت ہے ، اس کے بغیر یکم ستمبر سے الیکٹرانک آئی فارم نافذ کرنا درست نہیں ہوگا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے تجویز پیش کی کہ الیکٹرانک آئی فارم کا نفاذ جنوری 2017ء تک موخر کرکے امپورٹرز، بینکرز، کلیئرنگ ایجنٹس اور کسٹمز عملے سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے تربیتی سیشنز ، سیمینارز اور ورکشاپس منعقد کیے جائیں جس کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایڈوانس ادائیگی کی مد میں 10ہزار ڈالر کی حد امپورٹرز کے لیے بہت کم ہے لہذا یہ حد بڑھاکر کم از کم 20ہزار ڈالر کی جائے ۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ کوئی بھی قدم تب تک ثمرآور ثابت نہیں ہوسکتا جب تک کہ تمام سٹیک ہولڈرز اس کے بارے میں مکمل معلومات اور تربیت میسر نہ ہوں لہذا وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں۔

متعلقہ عنوان :