وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ٹیسٹ ریکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

ٹیسٹ میچ کی درجہ بندی کی تاریخ میں پہلی پوزیشن پر آنا قومی کرکٹ ٹیم کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 23 اگست 2016 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ٹیسٹ ریکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کی درجہ بندی کی تاریخ میں پہلی پوزیشن پر آنا قومی کرکٹ ٹیم کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

قومی کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ ریکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی محنت اور ٹیم کی تسلسل کے ساتھ کامیابیوں کے باعث پاکستان ٹیسٹ ریکنگ میں پہلے نمبر پر آیا ہے۔میرا ایمان ہے کہ کسی بھی میدان میں محنت اور دیانت سے تسلسل کے ساتھ کام کیا جائے تو کامیابی قدم چومتی ہے اور قومی کرکٹ ٹیم نے اپنے عمل سے یہ بات ثابت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹیسٹ ریکنگ میں پہلی پوزیشن پر آنے پر میں کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔