اپنے پسندیدہ سیاستدان سے ملاقات پر فخر ہے، حوصلہ افزائی پر شہبازشریف کا شکریہ

نویں جماعت کے امتحان میں 504 نمبر حاصل کرنے والی طالبات ماہ زیب نسیم اور نورین کوثر کے تاثرات شہبازشریف تعلیم دوست وزیراعلیٰ ہیں، بوٹی مافیا کا خاتمہ کیا، امتحانی نظام کو سوفیصد شفاف بنایا‘پرنسپلز

منگل 23 اگست 2016 20:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی جانب سے ماڈل ٹاؤن میں نویں جماعت کے بورڈ امتحانات میں 504 نمبر حاصل کرنے والی طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران جنوبی پنجاب کے علاقے کبیر والا (خانیوال) سے تعلق رکھنے والی طالبہ ماہ زیب نسیم نے کہا کہ میں اس مٹی کی بیٹی ہوں اور مجھے آج اپنے پسندیدہ سیاستدان سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا ہے جس پر میں بہت فخرمحسوس کر رہی ہوں۔

میری کامیابی میں اساتذہ کی محنت اور میرے خاندان کا تعاون شامل رہا ہے۔ ماہ زیب نسیم نے بتایا کہ میرے والد غریب آدمی ہیں اور وہ ذیابیطس کے مریض ہیں۔ طالبہ نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ وہ کبیروالہ آئیں اور ہمارے تعلیمی ادارے کا دورہ کریں، جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کے والد کا پنجاب حکومت مفت علاج کرائے گی اور میں پہلی فرصت میں کبیروالا کا دورہ کروں گا اور آپ کے تعلیمی ادارے میں بھی آؤں گا۔

(جاری ہے)

گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی طالبہ نورین کوثر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ہماری بہت حوصلہ افزائی کی ہے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے شاندار اقدامات کئے ہیں اور میں خود بھی’’ وزیراعلیٰ مضمون نویسی‘‘ کے مقابلے میں انعام حاصل کرچکی ہوں۔ پرنسپل فیڈرل سائنس سکول گوجرانوالہ محمود احمد نے کہا کہ نویں جماعت میں 504 نمبر حاصل کرنے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا وزیراعلیٰ شہبازشریف کا تعلیم دوستی کے ویژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے تعلیم کو عام کرنے کیلئے جتنے اقدامات اٹھائے ہیں، آج تک کسی حکمران نے ایسا نہیں کیا۔ 1997-98 میں جب صوبے میں بوٹی مافیا کا راج تھا تو اس وقت شہبازشریف نے اپنی ذاتی نگرانی میں اس مافیا کا خاتمہ کیا اور آج پنجاب کا امتحانی نظام سوفیصد شفاف ہے جس کا کریڈٹ شہبازشریف کی پالیسیوں کو جاتا ہے۔ پرنسپل خالد بن ولید ہائی سکول کبیروالا قیصر ندیم نے کہا کہ بوٹی مافیا کا خاتمہ ہو یا پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے کم وسیلہ اور ذہین طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی، وزیراعلیٰ شہبازشریف کے تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کو ہر جگہ سراہا جا رہا ہے۔

بلاشبہ شہبازشریف نے ہونہار اور ذہین طلبا و طالبات کی نہ صرف سرپرستی کی ہے بلکہ ہر موقع پر ان کی حوصلہ افزائی بھی کی ہے۔ طالبات ماہ زیب نسیم اور نورین کوثر کے والدین نے بھی بچیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :