نئے پیسٹی سائیڈز ایکٹ کا نفاذ یقینی بنائے،کسان بچاؤ کمیٹی

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 23 اگست 2016 20:05

پیرمحل(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 23 اگست۔2016ء ) کسان بچاؤ کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد شفیق نے مطالبہ کیا ہے کہ نئے پیسٹی سائیڈز ایکٹ کا جلد نفاذ یقینی بنائے تاکہ زمینداروں ، کاشتکاروں ، کسانوں کو بہترین معیارکی زرعی ادویات دستیاب ہو سکیں اور غیر معیاری ادویات کی تیاری و فروخت سے کاشتکاروں کو پہنچنے والے مالی نقصان سمیت فصلات کو تباہی سے بچانا ممکن ہو سکے ۔

یہاں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار میں کاشتکاروں کے مطالبے پر حکومت نے نئے درپیش مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر سمیت کاشتکار تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے ایکٹ کا از سر نو باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیاتھا کہ گزشتہ ایکٹ میں بہت سی خامیاں موجود ہیں جن میں مناسب ترامیم کی بھی سفارش کی گئی تھی اور کہاگیاتھاکہ جب گزشتہ ایکٹ تشکیل دیاگیا اس وقت ملک میں کوئی فارمولیشن یا مینوفیکچرنگ پلانٹ نہ تھا جبکہ تمام پراڈکٹس درآمد کی جاتی تھیں لیکن اب اللہ کے فضل سے پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے زرعی ادویات کے پلانٹس اور لیبارٹریز موجود ہیں جہاں ماہرین دن رات ملکی زراعت کی ترقی کیلئے نئے سے نئے کیمیکل متعارف کروارہے ہیں جو زمیندروں کو ارزاں نرخوں پر دستیا ب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سابقہ ایکٹ میں معمولی غلطی کرنے اور دو نمبر ، جعلی ، غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والوں میں کوئی تفریق نہیں تھی تاہم نئے پیسٹی سائیڈ ایکٹ میں اس سلسلہ میں بھی تفصیلی حدودوقیود مقرر کردی گئی ہیں جن سے غیر معیاری ادویات بیچنے والوں کا محاسبہ کیاجاسکے گا۔

متعلقہ عنوان :