اے این ایف کی ملک کے مختلف شہروں کارروائی، 18کاروائیوں کے دوران 121کلو گرام منشیات قبضے میں لے لی

منگل 23 اگست 2016 19:57

اسلام آباد ۔ 23 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اگست ۔2016ء) اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی سمگلنگ کے خلاف کی گئی18کاروائیوں کے دوران 121کلو گرام منشیات قبضے میں لے لی جس کی مالیت عالمی منڈی میں 9 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔ برآمد شدہ منشیات میں2.3 کلوگرام ہیروئن ،111کلو گرام چرس،5کلوگرام افیون،2.86 کلو گرام آئس اور 450 نشہ آور گولیاں شامل ہے۔

ان کارروائیوں کے دوران منشیات کی سمگلنگ میں ملوث 6 خواتین سمیت25 ملزمان کوگرفتار کیا گیا جبکہ 4 گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔ مذکورہ کارروائیاں لاہور، خوشاب، ہری پور، پشاور، حیدر آباد اور کراچی کے علاقوں میں عمل میں لائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اے این ایف لاہور نے فیصل موورز بس سٹینڈ،بند روڈ، لاہورکے قریب کی گئی کارروائی کے دوران چکوال کی رہائشی سعدیہ یعقوب نامی ملزمہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 6 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے شمع بس سٹینڈ ، فیروزپور روڈ، لاہورپر کارروائی کے دوران ایک مقامی منشیات فروش صابر امین نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے ذاتی قبضہ سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے بند روڈ، لاہور پر کاروائی کرتے ہوئے نیازی بس سٹینڈ کے قریب دو ملزمان ندیم اختر سکنہ لاہور اور مدثر اقبال سکنہ گجرانوالہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 30 کلو گرام چرس برآمد کر لی، ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے۔

چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور روڈ چیک ٹیم نے خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کرتے ہوئے شاہ پور، ضلع خوشاب کے قریب ایک گاڑی روک کر اس کی تلاشی کے دوران اس میں چھپائی گئی9.6 کلو گرام چرس اور 4 کلو گرام افیون برآمد کر کے گوجرانوالہ کے رہائشی محمد شاہد نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پانچویں کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور ایئرپورٹ ٹیم نے ظہور جان نامی لاہور کے رہائشی اور عاصمہ مظہر نامی ساہیوال کی رہائشی ملزمان کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر اس وقت گرفتار کیا جبکہ وہ پرواز نمبر MJ-186 سے کولمبو کے لئے روانہ ہو رہے تھے۔

ملزمان کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 850 گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی، دوران تفتیش دونوں ملزمان نے اپنے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا بھی اعتراف کیا۔ چھٹی کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شیخوپورہ بائی پاس، لاہور کے قریب ایک گاڑی روک کر اس کی تلاشی کے دوران اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 44 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

کارروائی کے دوران شیخوپورہ کے رہائشی2 ملزمان مختار مسحی اور شہباز احمدکو گرفتار کر لیا گیا۔ ساتویں کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور ایئرپورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کی گئی کارروائی کے دوران اتحاد ایئرلائن کی پرواز نمبر EY-244 سے ریاض روانہ ہونے والے مسافر، سرگودھا کے رہائشی محمد شاہد نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے بیگ سے 1.86 کلو گرام آئس برآمد کر لی۔

آٹھویں کارروائی میں اے این ایف لاہور نے بابو سابو موٹروے انٹرچینج پر کاروائی کرتے ہوئے پشاور کے رہائشی زاہد فضل خان اور سہیل خان نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 450 نشہ آور گولیاں برآمد کر لیں۔ اے این ایف پشاور ایئر پورٹ ٹیم نے پشاور ایئرپورٹ پر کی گئی کاروائی کے دوران قطر ایئرلائن کی پرواز نمبر QR-601سے ریاض، سعودی عرب روانہ ہونے والے مسافر، چارسدہ کے رہائشی محمد طارق جان نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے بریف کیس سے 770 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔

مزید تفتیش کے دوران ملزم کے بھائی حبیب اللہ نامی ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔دوسری کاروائی کے دوران ، اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے کوہاٹ کے رہائشی محمد احسن نامی ایک ملزم اور اس کی خاتون ساتھی کنزہ بی بی کو راولپنڈی آنے والی ایک مسافر بس سے مین موٹروے ٹول پلازہ ،پشاورکے قریب گرفتار کر کے ان کے ذاتی قبضے سے 1.5 کلو گرام چرس اور 1.2 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے طاہر زمان نامی بنوں کے رہائشی ایک مسافر کو پشاور ایئر پورٹ سے گرفتار کر کے اس کے ہینڈ بیگ میں چھپائی گئی 1.04 کلو گرام چرس برآمد کر لی، ملزم ایئر عریبیہ کی پرواز نمبر G9-825 سے راس الخیمہ روانہ ہو رہا تھا۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے پانیہ چوک، قراقرم ہائی وے، ہری پورکے قریب سے ایک ٹیکسی قبضے میں لیکر اس میں سوارچارسدہ کے رہائشی سرور اور اس کی خاتون ساتھی بسلال کو گرفتار کرکے مذکورہ خاتون کے ہینڈ بیگ میں چھپائی گئی 2 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

ابتدائی تفتیش کے نتیجے میں منشیات وصول کرنے والے ہری پور کے رہائشی عبد المالک نامی ملزم کو بھی قریبی علاقے سے حراست میں لے لیا گیاجبکہ وہ ایک موٹرسائیکل پر سوار تھا۔ پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور ایئرپورٹ ٹیم نے بیرون ملک سے آئے ہوئے ہنگو کے رہائشی نواب گل نامی ایک ملزم کو حراست میں لیکر اس کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 420 گرام آئیس برآمد کر لی۔

ملزم ایئر عربیہ کی پرواز نمبر G9-825 سے راس الخیمہ روانہ ہو رہا تھا۔دوران تفتیش ملزم نے ہیروئن بھرے کیپسولوں کی پیٹ میں موجودگی کا بھی اعتراف کیا۔چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے سیالکوٹ کی رہائشی سلمہ بی بی نامی ایک خاتون منشیات فروش کو حراست میں لیکر اس کے سامان میں چھپائی گئی1 کلو گرام افیون اور 3.4 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

ملزمہ ایک مسافر بس سے موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب گرفتار ہوئی۔ساتویں کاروائی کے دوران اے این ایف پشاورروڈ چیک ٹیم نے مردان کے رہائشی اختر گل اور اس کی خاتون ساتھی روشنہ بی بی کو حراست میں لیکر ان کے ذاتی قبضہ سے 11.8 کلو گرام چرس برآمد کر لی، ملزمان کو موٹروے ٹول پلازہ، پشاور کے قریب سے ایک مسافر وین سے گرفتار کیا گیا۔ اے این ایف کراچی نے برطانیہ جانے والے ایک دستاویزی پارسل کو کراچی کے ایک مقامی کوریئر سروس آفس سے قبضے میں لیکر اس میں چھپائی گئی 30 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے ایک اور کورئیر سروس آفس سے کینیڈا جانے والا ایک پارسل قبضے میں لیکر اس میں چھپائی گئی 240 گرام ہیروئن برآمد کرلی، اس پارسل میں جراحی کے آلات تھے۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے احمد نامی ایک مقامی منشیات فروش کو حراست میں لیکر اس کے قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ علاوہ ازیں، اشتہاریوں کیخلاف جاری اے این ایف کی خصوصی مہم کے دوران لاہور سے مزید ایک اشتہاری کو گرفتار کر لیا گیا۔ تمام مقدمات انسدادمنشیات ایکٹ 1997کے تحت اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :