ملک میں تمام مسالک کے مابین امن وبھائی چارے کا ماحول پیدا کرنے کیلئے علماء کرام اور دانشوراپنا کردار ادا کریں‘ تما م مکاتب فکر کے درمیان رواداری اور باہمی احترام کا رشتہ ہونا چاہیے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کوششیں جاری رکھنی چاہئے،ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ملک میں امن اور خوشحالی کے لیے بھائی چارے کی فضاپیدا کریں

صدر ممنون حسین کی داودی بوہرہ برادری کے وفد سے گفتگو

منگل 23 اگست 2016 19:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اگست ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں تمام مسالک کے مابین امن وبھائی چاریکا ماحول پیدا کرنے کے لیے علماء کرام اور دانشوراپنا کردار ادا کریں۔منگل کو یہ بات انھوں نے ایوان صدر میں ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کی قیادت میں داودی بوہرہ برادری کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ تما م مکاتب فکر کے درمیان رواداری اور باہمی احترام کا رشتہ ہونا چاہیے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کوششیں جاری رکھنی چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ملک میں امن اور خوشحالی کے لیے بھائی چارے کی فضاپیدا کریں۔ صدر مملکت نے ملک میں تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے میں بوہرہ برادری کی تعریف کی اور تعلیم، صحت اور ملک کے عوام کی بہتری کے لیے کئے گئے اقدامات کے سلسلے میں داؤدی بوہرہ جماعت کی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ممالک کی صف میں شامل کیا ہیجو اہم پیش رفت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک تاریخی منصوبہ ہے اور اس کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان میں بلکہ پورے خطے میں خوشحالی آئے گی۔

انھوں نے کہا کہ توانائی کے جاری منصوبوں کی تکمیل سے ملک کو 2018 تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نجات مل جائے گی۔ ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین نے پاکستان کی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کی عوام دل و جان سے چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صدر مملکت ممنون حسین کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وہ انتہای مشکل وقت میں پاکستان کی قیادت کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین نے صدر مملکت کو بتایا کہ انھوں نے اپنی برادری کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین اور ان کے وفدکے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جس میں وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ، سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے علاوہ بوہرہ برادری کے وفد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین نے صدر مملکت کو تحائف بھی پیش کیے۔

متعلقہ عنوان :