برساتی نالوں میں تجاوزات مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ مکانات کے ملبے اور کچرے کو بھی تیزی کے ساتھ اٹھایا جائے،ایڈمنسٹریٹر کراچی

منگل 23 اگست 2016 19:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی ہے کہ برساتی نالوں میں تجاوزات مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ مکانات کے ملبے اور کچرے کو بھی تیزی کے ساتھ اٹھایا جائے تاکہ اطراف کی آبادیوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ گجرنالہ اور منظور کالونی نالہ شہر کے اہم ترین برساتی نالے ہیں جہاں تجاوزات کے خاتمے سے صورتحال بہتر ہونا شروع ہوگئی ہے اور بہت جلد ان دونوں نالوں کے بہاؤ میں حائل رکاوٹیں دور ہوجائیں گی جبکہ اطراف میں پختہ سڑک تعمیر کرنے کا کام بھی جلد ہی شروع ہوجائے گا۔

یہ بات انہوں نے محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے گجرنالہ اور منظور کالونی نالہ پر جاری آپریشن کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو انسداد تجاوزات کے آپریشن کی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گجرنالہ میں گیارہ کلو میٹر سے زائد حصے کے اطراف تمام پختہ تعمیرات مسمار کی جاچکی ہیں جبکہ منظور کالونی نالے کا بھی خاصا بڑا حصہ تجاوزات سے پاک کردیا گیا ہے اور اب تک ان دونوں نالوں پر کل 2223 مکانات اور دیگر تعمیرات مسمار کی جاچکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایکس کیویٹر اور دیگر مشینری کے استعمال کے ذریعے مسمار کئے گئے مکانات کا ملبہ اور نالے سے کچرا بھی نکالا جا رہا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے برساتی نالوں پر ہونے والی تعمیرات کے خاتمے کو نالوں کی صفائی کے لئے لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گجرنالہ اور منظور کالونی نالہ شہر کے اہم ترین علاقوں سے گزرتے ہیں اور زیادہ تر برساتی پانی کی نکاسی انہی کے ذریعے ہوتی ہے لہٰذا ان دونوں بڑے نالوں کو جلد از جلد صاف کرنا ہے اور تجاوزات کو ہٹانے کا مقصد بھی یہی ہے انہوں نے کہا کہ وہ خود اس پورے کام کو مانیٹر کر رہے ہیں اور اس آپریشن کی پیشرفت سے انہیں مکمل طور پر آگاہ رکھا جائے جبکہ کام میں مزید تیزی لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :