وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کا ورکرز ویلفیئر ہائی سکولز برائے طلبا وطالبات کا اچانک دورہ

پرنسپل ورکرز ویلفیئر ہائی سکول برائے طلبا ساہو کی ملیاں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر معطل،ٹیچرز کو شوکاز نوٹس راجہ اشفاق سرور کا اینٹوں کے بھٹے کا دورہ،تمام بچوں کے سکولوں میں داخل ہونے پر اطمینان کا اظہار

منگل 23 اگست 2016 19:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیرمحنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرورنے کہا ہے کہ قومی تعمیر وترقی کے لئے بچوں کی تعلیم اور تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ان کی تعلیم میں حائل کسی بھی امر پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔بچوں کو تعلیم دینے کی بجائے تعلیمی اداروں کو پکنک سپاٹ بنانے والے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہوں نے یہ بات ورکرز ویلفیئر ہائی سکول فار بوائز ساہو کی ملیاں ضلع شیخوپورہ کے اچانک دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندو سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بریک ٹائم ختم ہونے کے بعد بھی بچوں کے کلاس رومز سے باہر شوروغل کرنے ،سکول لائبریری میں اساتذہ کے لنچ پارٹی کرنے ،کمپیوٹر روم اور سکول میں صفائی کی ابتر صورتحال اور خراب رزلٹ پر سکول پرنسپل شفقات علی کو فوری طور پر معطل کرنے اور سکول ٹائم میں لائبریری روم میں لنچ پارٹی منعقد کرنے پر سکول ٹیچرشازیہ اور دیگر سٹاف کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات صادر کئے۔

(جاری ہے)

راجہ شفاق سرور نے ورکرز ویلفیئر گرلز ہائی سکول ساہو کی ملیاں کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے سکول میں اساتذہ کی حاضر ی ،صفائی کی بہترین صورتحال،شاندار رزلٹس اور سکول میں ڈسپلن کی پابندی پر اطمینان کا اظہار کیا اورسکول پرنسپل فریدہ کوثرکو اچھی کارکردگی شاباش دی۔بعدازاں وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے جوئیاں والا موڑ پر اینٹوں کے بھٹے کا اچانک دورہ کیااور وہاں چائلڈ لیبر آرڈیننس 2016 پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

وزیر محنت نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بھٹہ مزدوروں کے تمام بچوں کو مقامی سکول میں داخل کیا جا چکا تھا۔قبل ازیں وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے سوشل سکیورٹی ڈسپنسری منڈھیالی کا دورہ کیا۔انہوں نے وہاں موجود مریضوں سے انہیں دی جانے والی طبی سہولیات بارے آگاہی حاصل کی۔راجہ شفاق سرور نے ڈسپنسری کے سٹاک رجسٹر میں ادویات کی موجودگی بارے آگاہی حاصل کی۔انہوں نے ڈیوٹی پر موجود میڈیکل آفیسر کو ڈسپنسری میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر شیخوپورہ چوہدری نعیم اور محکمہ لیبر کے دیگر افسران اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔