خطیب مسجد اقصیٰ کی ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی سے ملا قات

امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اولین تر جیح، ہر محاذ پر ان مسائل کے حل کے لیے بھر پور کوششیں کیں ہیں،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

منگل 23 اگست 2016 19:06

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اگست ۔2016ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین پرپاکستان کی حکومت اور قوم متحد ہے اور اس کے حل کے لیے فلسطینی عوام کے موقف کی بھر پور حمایت کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ ہر سطح پر فلسطین میں اسر ائیلی جارحیت کی بھر پو ر مخالفت کی ہے اور مظلوم فلسطین عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار امام وخطیب مسجد اقصیٰ الشیخ عکرمہ سعید صبری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جنہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈپٹی سپیکر سے ملا قات کی ۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اولین تر جیح ہے اورپاکستان نے ہر محاذ پر ان مسائل کے حل کے لیے بھر پور کوششیں کیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حرمین شر یفین کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس میں مسلم ممالک کے علماء مشایخ اور کابرین کی ایک بڑی تعداد میں نے شرکت ہمارے لیے باعث اعزاز ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حرمین شر یفین کانفرنس کا موقف پاکستان کی حکومت اور پوری پاکستانی قوم کاموقف ہے۔ انہوں نے کہاکہ حرمین شریفین کاتحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور مقامات مقدسہ کے تحفظ کے لیے کسی بھی قر بانی کی ضرورت پڑی تو پاکستانی قوم دریغ نہیں کرے گی ۔ڈپٹی سپیکر نے خطیب مسجد اقصیٰ کو بتایا کہ پاکستان انٹر پارلیمانی یونین کا ممبر ہے لیکن آج تک پاکستان میں IPUکانفرنس کاانعقاد اس سے نہیں کرایا گیا کیونکہ اسر ائیل اس کا ممبر ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ اسر ائیل کو اس میں شر کت کی دعوت دی جائے۔

انہوں نے امت مسلمہ کو درپیش مسائل چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلم ممالک کے مابین اتحاد کی ضرورت پر زوردیا ۔ خطیب مسجد اقصیٰ الشیخ عکرمہ سعید صبری نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے پاکستان کی حمایت کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام مسئلہ فلسطین پر پاکستان کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر مشکل میں فلسطین کے عوام کاساتھ دیا اور اسر ائیل سے قطع تعلق کیا۔

انہوں نے کہا پاکستان کی پارلیمنٹ نے ہمیشہ اسر ائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کی اور قر ار دادیں منظور کیں اور پاکستان کی عوام نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور اسر ائیلی مظالم کے خلاف بھر پور احتجاج کیا۔ جس کے لیے فلسطین کے عوام پاکستانی عوام کی تہہ دل سے مشکور ہیں۔ انہوں نے اقوام متحد ہ میں مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے غیر متزلزل اور مضبوط موقف کو سر اہا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک دوسر ے کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ انہوں نے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان میں اپنے استقبال اور میزبانی پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر ممبر نظریاتی کونسل مولانا علی محمد ابوتراب اور قائم مقام سیکرٹری قومی اسمبلی بھی موجود تھے ۔