ملک میں تمام مسالک کے مابین امن و بھائی چارے کا ماحول پیدا کرنے کیلئے علماء کرام اور دانشوراپنا کردار ادا کریں

صدر مملکت ممنون حسین کی داؤدی بوہرہ برادری کے وفد سے گفتگو

منگل 23 اگست 2016 18:49

اسلام آباد ۔ 23 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اگست ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں تمام مسالک کے مابین امن و بھائی چارے کا ماحول پیدا کرنے کیلئے علماء کرام اور دانشوراپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو ایوان صدر میں ڈاکٹر سیّدنا مفضل سیف الدین کی قیادت میں داؤدی بوہرہ برادری کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے درمیان رواداری اور باہمی احترام کا رشتہ ہونا چاہئے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ملک میں امن اور خوشحالی کیلئے بھائی چارے کی فضاء پیدا کریں۔صدر مملکت نے ملک میں تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے میں بوہرہ برادری کی تعریف کی اور تعلیم، صحت اور ملک کے عوام کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات کے سلسلہ میں داوٴدی بوہرہ جماعت کی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ڈاکٹر سیّدنا مفضل سیف الدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ممالک کی صف میں شامل کیا ہے جو اہم پیشرفت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک تاریخی منصوبہ ہے اور اس کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان میں بلکہ پورے خطہ میں خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے جاری منصوبوں کی تکمیل سے ملک کو 2018ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نجات مل جائے گی۔ ڈاکٹر سیّدنا مفضل سیف الدین نے پاکستان کی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام کو دل و جان سے چاہتے ہیں۔ انہوں نے صدر مملکت ممنون حسین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی مشکل وقت میں پاکستان کی قیادت کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر سیّدنا مفضل سیف الدین نے صدر مملکت کو بتایا کہ انہوں نے اپنی برادری کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے ڈاکٹر سیّدنا مفضل سیف الدین اور ان کے وفدکے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جس میں وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے علاوہ بوہرہ برادری کے وفد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سیّدنا مفضل سیف الدین نے صدر مملکت کو تحائف بھی پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :